دنیا
Time 20 اکتوبر ، 2018

افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کے دوران حملے، 28 افراد ہلاک

افغان صوبے غور میں شدت پسندوں نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کردیا: فائل فوٹو

کابل: افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 28 افراد ہلاک اور 83 سے زائد زخمی ہوئے۔

افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات میں پولنگ ہوئی۔

افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں آج ملک بھر میں پولنگ ہوئی تاہم سیکیورٹی وجوہات اور گزشتہ روز دہشت گرد حملے میں صوبائی پولیس چیف جنرل عبدالرازق کی ہلاکت کے باعث قندھار اور غزنی میں پولنگ ملتوی رہی۔

اس کے علاوہ سیکیورٹی کے پیش نظر پاک افغان سرحد کل تک کے لیے بند ہے۔

افغانستان کے وزیر داخلہ وائس برمک نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ الیکشن کے روز مجموعی طور پر دہشت گردی کے 192 واقعات رپورٹ ہوئے۔

وزیر داخلہ کے مطابق ان حملوں میں 17 سویلین اور 11 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے، اس کے علاوہ 100 افراد زخمی بھی ہوئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان دارالحکومت کابل میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 10 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

افغان سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 10 شہری اور 5 پولیس اہلکار شامل ہیں۔

افغان صوبے غور میں شدت پسندوں کے حملے میں 4 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے جب کہ قندوز میں مارٹر حملے میں 2 افراد ہلاک اور 38 زخمی ہوئے۔


مزید خبریں :