پاکستان
Time 20 اکتوبر ، 2018

پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا کا 18ویں آئینی ترمیم میں تبدیلی کا مطالبہ

اٹھارویں ترمیم کی شقوں کوتبدیل کرنے کی ضرورت ہے، اٹھارویں ترمیم سے متعلق میرا ذاتی مؤقف ہے کہ یہ آسمان سے اتری کتاب نہیں، یہ بھی انسان نے ہی بنائی ہے، رہنما تحریک انصاف— فوٹو: فائل

کراچی: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے اٹھارویں آئینی ترمیم میں تبدیلی کا مطالبہ کردیا۔

فیصل واوڈا نے کراچی میں اپنے انتخابی حلقے حلقے این اے 249 کا دورہ کیا اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی کا کام قانون سازی کرنا ہے، پانی دینا صوبے کا کام ہے۔

فیصل واوڈا نے کسی سیاسی جماعت کا نام لیے بغیر کہا کہ 'پہلے یہ ملک کھاتے تھے اب صوبہ کھارہے ہیں، اٹھارویں ترمیم وفاق کا قتل ہے'۔

تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کی شقوں کوتبدیل کرنے کی ضرورت ہے، اٹھارویں ترمیم سے متعلق میرا ذاتی مؤقف ہے کہ یہ آسمان سے اتری کتاب نہیں، یہ بھی انسان نے ہی بنائی ہے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ ہائیڈرینٹس توڑنا شروع کیے تولوگوں کو پیٹ میں مروڑشروع ہوگئے۔

خیال رہے کہ 18 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد تعلیم ، صحت اور دیگر متعدد معاملات میں صوبوں کو خودمختاری حاصل ہوگئی تھی اور وفاق اس میں مداخلت نہیں کرسکتا۔

پاکستان پیپلز پارٹی اٹھارویں ترمیم کو اپنی بڑی کامیابیوں میں سے ایک قرار دیتی ہے اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری متعدد بار یہ کہہ چکے ہیں کہ اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی تو پیپلز پارٹی سخت مزاحمت کرے گی۔

مزید خبریں :