پاکستان
Time 21 اکتوبر ، 2018

نیب مقدمات سے کیسے نمٹا جائے؟ نوازشریف کی قانونی مشیروں سے مشاورت

نوازشریف نے قانونی مشیروں کو شہباز شریف کے کیس میں تمام قانونی آپشن بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے— فوٹو: فائل/ اے ایف پی

سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے اپنے اور شہباز شریف کے کیسز سمیت دیگر مقدمات کےحوالے سے قانونی مشیروں سے مشاورت کی۔ نوازشریف نے قانونی مشیروں کو شہباز شریف کے کیس میں تمام قانونی آپشن بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکلاء خواجہ حارث، اعظم نذیر تارڑ، نصیر بھٹہ اور سابق سیکریٹری پراسیکیوشن سینیٹر رانا مقبول احمد جاتی امرا لاہور پہنچے جہاں انہوں نے سابق وزیراعظم سے ملاقات کی۔

ن لیگ کے ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے اپنی خاندان کے ارکان پر قائم مقدمات کے حوالے سے مشاورت کی۔

نوازشریف نے خصوصاً شہباز شریف کیس پر بات چیت کرتے ہوئے وکلاء کو ہدایت کی کہ شہباز شریف کے کیسز پر تمام قانونی آپشن بروئے کار لائےجائیں۔

اس موقع پر نصیر بھٹہ ایڈووکیٹ نے یقین دہانی کرائی کہ شہباز شریف کے آئندہ ریمانڈ کی بھرپورمخالفت کی جائے گی۔

یاد رہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف شہباز شریف جسمانی ریمانڈ پر نیب کی حراست میں ہیں۔

نیب لاہور نے 5 اکتوبر کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا، تاہم اُن کی پیشی پر انہیں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

مزید خبریں :