کھیل
Time 27 اکتوبر ، 2018

آئی سی سی کا 'بسکٹ ٹرافی' پر طنز، پی سی بی نے کرارا جواب دے ڈالا

پاک آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز کی 'ٹک بسکٹ' کے ڈیزائن والی ٹرافی پر آئی سی سی نے اپنے آفیشل ٹوئٹر پیج پر بذریعہ میم طنز کیا تھا۔—.فوٹو بشکریہ/پی سی بی 

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاک آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی پر طنز کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو کرارا جواب دے ڈالا۔

خیال رہے کہ پاک آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز کی 'ٹک بسکٹ' کے ڈیزائن والی ٹرافی پر آئی سی سی نے اپنے آفیشل ٹوئٹر پیج پر بذریعہ میم طنز کیا تھا۔

اس ٹوئیٹ میں آئی سی سی نے دو تصاویر شیئر کیں تھیں، جن میں سے ایک میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد، آسٹریلوی کپتان ایرن فنچ کے ساتھ بسکٹ ٹرافی پکڑے کھڑے ہیں جبکہ دوسری تصویر میں وہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے ساتھ جون 2017 میں جیتی گئی چیمپینئز ٹرافی کے ساتھ پوز بنائے کھڑے ہیں۔



اپنی ایک اور ٹوئیٹ میں آئی سی سی نے لکھا تھا، 'بسکٹ دینے اور لینے کا ایک بالکل نیا انداز'۔


آئی سی سی کے اس طنز پر پہلے تو پی سی بی نے کچھ زیادہ 'پرواہ' نہیں کی، لیکن گذشتہ روز آسٹریلیا کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دینے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بالآخر آئی سی سی کو جواب دے ہی ڈالا۔

پی سی بی نے آئی سی سی کی ٹوئیٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا، 'کسے پرواہ ہے؟ دونوں ٹرافیاں ہی ہماری ہیں'۔

ساتھ ہی پی سی بی نے ہیش ٹیگ کے ذریعے پاکستان کے نمبر ون ٹی ٹوئنٹی ٹیم ہونے کا اعزاز بھی جتا دیا۔








پی سی بی کے اس کرارے جواب کے بعد آئی سی سی نے تبصرہ کیا، ’Oh crumbs‘ یعنی 'چورا کردیا'۔


واضح رہے کہ گزشتہ روز تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو 11 رنز سے شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔

مزید خبریں :