بلاول بھٹو کی 'ڈونکی کنگ' دیکھنے کیلئے اسلام آباد کے مقامی سینما آمد


اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد کے مقامی سینما میں اینیمیٹڈ فلم 'ڈونکی کنگ' دیکھی اور اسے خوب انجوائے کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے سینما میں عام افراد کے ساتھ بیٹھ کر فلم دیکھی۔

بلاول بھٹو فلم 'ڈونکی کنگ' دیکھتے ہوئے—۔جیو نیوز اسکرین گریب

اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا، سینیٹر شیری رحمان، مصطفیٰ نواز کھوکھر اور جمیل سومرو بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔

13 اکتوبر کو ریلیز ہونے والی جیو فلمز کی پیشکش ’ڈونکی کنگ‘ کا باکس آفس پر شاندار بزنس کا سفر جاری ہے جو  ملک بھر سے مجموعی طور پر 13 کروڑ سے زائد کا بزنس کرچکی ہے۔

ڈونکی کنگ' کی کہانی کیا ہے؟

’دی ڈونکی کنگ‘ کی کہانی بہت ہی دلچسپ ہے، جس کے مطابق 'آزاد نگر' کے بادشاہ (شیر) کی ریٹائرمنٹ کا وقت قریب ہے اور وہ اپنی بادشاہت کسی اور کے حوالے کرنا چاہتے ہیں۔

مختلف جانور خود کو اس عہدے کا اہل ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ایسے میں چالاک لومڑی کو منگو دھوبی (گدھے) کا خیال آتا ہے اور وہ اس کا نام پیش کردیتی ہے۔

منگو یہ سن کر تھوڑا گھبراتا ہے اور کہتا ہے کہ 'یہ مجھ سے نہیں ہوگا، میں گدھا ہی ٹھیک ہوں'، لیکن پھر وہ اس کے لیے تیار ہوجاتا ہے اور لومڑی سے کہتا ہے، 'میں سلطنت کا بوجھ اٹھانے کے لیے تیار ہوں لیکن وزن 30 کلو سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے'۔

فلم میں موسیقی کا تڑکا بھی شامل ہے، جہاں منگو کنگ 'ڈونکی راجہ۔۔۔ اب بجے گا سب کا باجا' پر ڈانس کرتا نظر آتا ہے جبکہ 'اِنکی پنکی پونکی' نے بھی سننے والوں کو خوب متاثر کیا۔

فلم میں افضل خان عرف جان ریمبو نے منگو جب کہ حنا دلپذیر نے لومڑی کی صداکاری کی ہے۔

دیگر صداکاروں میں جاوید شیخ، عدیل ہاشمی، شفاعت علی، غلام محی الدین، فیصل قریشی، شبیر جان، مانی، اسماعیل تارا اور عرفان کھوسٹ شامل ہیں۔

فلم نے شائقین کو بے حد متاثر کیا ہے اور بچے ڈونکی کنگ کی نقل کرتے ہوئے اُس کے ڈائیلاگ دہراتے نظر آتے ہیں۔

مزید خبریں :