پاکستان
Time 12 نومبر ، 2018

رضا ربانی کے ای سی ایل میں ترمیم سے متعلق بل پر حکومت نے اعتراض اٹھا دیا

وفاقی حکومت کسی فرد کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی وجوہات اور 24 گھنٹے کے اندر اُسے آگاہ کرے، بل کا متن۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی کی جانب سے ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) کے قانون میں ترمیم کا بل سینیٹ میں پیش کیا گیا جس پر وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے اعتراضات اٹھادیے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے ای سی ایل میں ترمیم کا بل پیش کیا جسے چیئرمین نے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔

ترمیمی بل کے متن کے مطابق وفاقی حکومت کسی فرد کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی وجوہات بیان کرے گی اور جن افراد کا نام ای سی ایل میں شامل ہورہا ہے انہیں 24 گھنٹے کے اندر آگاہ کرنا لازم ہوگا۔

ترمیمی بل میں کہا گیا ہے کہ ای سی ایل میں نام شامل کرنے کے خلاف نظرثانی کی اپیل حکومت کو بھیجی جائے گی جس پر وفاق کو 15 روز کے اندر فیصلہ دینا ہوگا، بصورت دیگر متعلقہ شخص کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا فیصلہ متروک ہوجائے گا۔

وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے ترمیمی بل پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ ای سی ایل میں نام شامل کرنے کا موجودہ طریقہ کار درست ہے، 15 روز میں ای سی ایل میں نام شامل کرنے کے حوالے سے فیصلہ کرنا مناسب نہیں۔ 

شہریار آفریدی نے کہا کہ جلد بازی میں غلط فیصلے ہوجاتے ہیں۔

مزید خبریں :