دپیکا اور رنویر شادی کے بندھن میں بندھ گئے

دپیکا اور رنویر نے شادی کے لیے اٹلی کے خوبصورت ترین مقام 'لیک کومو' کا انتخاب کیا ہے—۔فائل فوٹو

روم: بالی وڈ کی دلکش جوڑی دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ 

بالی وڈ جوڑے نے شادی کی تقریبات کے لیے اٹلی کے خوبصورت ترین مقام 'لیک کومو' کا انتخاب کیا جہاں مخصوص مہمانوں کو ہی مدعو کیا گیا تھا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق شادی میں 100 کے قریب لوگ مدعو تھے جن میں دپیکا اور رنویر کے اہلخانہ اور قریبی دوستوں کے علاوہ بالی وڈ سے شاہ رخ خان، فرح خان اور سنجے لیلا بھنسالی شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق جوڑے نے شادی کے ملبوسات کے لیے ڈیزائنر سبیاساشی مکھرجی کا انتخاب کیا ہے۔

شادی کے پہلے روز یعنی آج کولکنی روایات کے مطابق تقریب جاری ہے اور کل رنویر اور دپیکا سندھی روایت کے مطابق تقریب میں دکھائی دیں گے تاہم دونوں نے مہمانوں کو تصاویر نہ لینے اور کیمرہ یا موبائل فون ساتھ نہ رکھنے کی تلقین کر رکھی ہے۔

کوئی تصویر لیک نہ ہونے پائے!

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شادی کے موقع پر اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ کوئی مہمان اپنے ساتھ موبائل فون نہ لے کر آئے تاکہ تصاویر اور ویڈیوز لیک نہ ہوسکیں۔

دوسری جانب یہ بھی رپورٹس ہیں کہ رپورٹرز اور فوٹوگرافرز کو ایونٹ سے دور رکھنے کی غرض سے کئی سیکیورٹی بوٹس بھی جھیل کے اطراف گشت میں مصروف ہیں جبکہ مقامی حکام نے کشتیاں کرائے پر دینے والی کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ علاقے سے باہر کے لوگوں کو بوٹس کرائے پر نہ دیں۔

یہ بھی اطلاعات ہیں کہ شادی میں آنے والے تمام مہمانوں کو ایک خصوصی رِسٹ بینڈ دیا جارہا ہے جبکہ ان کے موبائل فونز کے کیمرہ لینس کو بھی اسٹیکر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔

شادی کے تحفے عطیہ کیے جائیں گے!

رپورٹس کے مطابق دپیکا اور رنویر نے مہمانوں کو کہا ہے کہ وہ شادی میں انہیں تحفے تحائف دینے کے بجائے 'دی لِو لَو لاف فاؤنڈیشن' (The Live Love Laugh Foundation) کو عطیہ دے دیں، جسے یہ بالی وڈ جوڑا سپورٹ کرتا ہے۔

ہیش ٹیگز!

آج کل کے مقبول عام ٹرینڈ کی طرح بالی وڈ کے اس جوڑے کی زندگی کے سب سے بڑے ایونٹ پر کوئی پیش ٹیگ نہ بنے، ایسا تو ہو ہی نہیں سکتا۔ 

سوشل میڈیا پر 'دیپ ویر کی شادی' (#DeepVeerKiShaadi) اور 'دیپ ویر' (#deepveer) کے نام سے ہیش ٹیگز ٹرینڈ کر رہے ہیں، جہاں دونوں کی شادی سے متعلق خبریں، تصاویر، ویڈیوز اور معلومات شیئر کی جارہی ہیں۔











ایک طرف جہاں لوگ اس شادی سے متعلق تفصیلات جاننے کے منتظر ہیں، وہیں سوشل میڈیا پر تصاویر منظر عام پر نہ آنے پر لوگ میمز کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔















مزید خبریں :