پاکستان
Time 15 نومبر ، 2018

چیئرمین نیب نے سیف سٹی منصوبے کے غیر فعال ہونے کا نوٹس لے لیا

چیئرمین نیب کی ہدایت پر اسلام آباد سیف سٹی منصوبے پر اخراجات کی تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں جبکہ نیب راولپنڈی کو سیف سٹی منصوبے کے بارے میں شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا گیا ہے— فوٹو: فائل

چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جاوید اقبال نے سیف سٹی منصوبے کے غیر فعال ہونے کا نوٹس لے لیا۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سیف سٹی منصوبے کے 600 کیمروں کے خراب ہونے کا نوٹس لیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب کی ہدایت پر اسلام آباد سیف سٹی منصوبے پر اخراجات کی تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں جبکہ نیب راولپنڈی کو سیف سٹی منصوبے کے بارے میں شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا گیا ہے۔

چیئرمین نیب نے ہدایات کی ہے کہ سیف سٹی منصوبہ اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا لہٰذا منصوبے کی ناکامی کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام آباد سیف سٹی پروجیکٹ کے ذریعے لگائے گئے 1600 کیمروں میں سے 600 فعال ہی نہیں ہیں جب کہ 800 کیمرے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس اور چہروں کی شناخت نہیں کر سکتے۔

اس کے علاوہ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے بھی اسلام آباد میں سیف سٹی منصوبے کے تحت لگائے گئے کیمروں کی فعالیت پر سوال اٹھایا اور کہا کہ '1800کے قریب کیمرے نصب کیے گئے لیکن کسی کیمرے میں یہ صلاحیت نہیں ہے کہ گاڑی کا نمبر یا کسی شکل کی تصدیق کرسکے'۔

انہوں نے سیف سٹی منصوبے کے تحت نصب کیے گئے کیمروں کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا، تاکہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔

مزید خبریں :