پاکستان
Time 15 نومبر ، 2018

وزیر دفاع کی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات، وزیراعظم کا پیغام پہنچایا

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایوانِ بالا کی کارروائی کو افہام تفہیم کے ساتھ چلایا جائے گا— فوٹو: فائل

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے وزیر دفاع پرویز خٹک نے ملاقات کی اور وزیراعظم عمران خان کی جانب سے خصوصی پیغام پہنچایا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایوانِ بالا کی کارروائی کو افہام تفہیم کے ساتھ چلایا جائے گا۔

وزیر دفاع پرویز خٹک نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو وزیراعظم کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ جس پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ وزیراعظم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کو بھیج کر ایوان کا وقار بلند کیا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان کی بالادستی اور جمہوری رویوں کا فروغ ہم سب کا بنیادی فرض ہے۔ وزیراعظم کا پارلیمان کی بالادستی کے بارے میں کردار لائق تحسین ہے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ اُمید ہے ایوان کی کارروائی کو افہام تفہیم کے ساتھ چلایا جا ئے گا۔

ملاقات میں سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر اعظم سواتی اور قائمہ کمیٹی اطلاعات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینیٹر عثمان خان کاکڑ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جس پر چیئرمین سینیٹ نے وفاقی وزیر کا مائیک بند کردیا اور غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کرنے پر انہیں تنبیہہ بھی کی۔

فواد چوہدری کے رویے پر آج سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن نے بھرپور احتجاج کیا اور معافی کا مطالبہ کیا۔ اپوزیشن ارکان نے کہا کہ جب تک معافی نہیں مانگی جاتی وہ اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے جس پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ سینیٹ میں بدمزگی پیدا ہونا شروع ہوئی ہے، ہم سب پر لازم ہے کہ احتیاط کریں۔

چیئرمین سینیٹ نے وفاقی وزیر اطلاعات کو معافی مانگنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری ایوان میں آکر معافی مانگیں، اگر معافی نہیں مانگتے تو ان پر جاری اجلاس میں داخلے پر پابندی لگاتا ہوں۔

اس کے بعد فواد چوہدری دھواں دھار پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگر چیئرمین سینیٹ توازن نہیں لاسکتے تو پھر حکومت کو بھی سوچنا پڑے گا۔

مزید خبریں :