پاکستان
Time 16 نومبر ، 2018

عمران خان نااہلی:درخواست قابل سماعت ہونے کیلئے وکیل کو مزید دلائل دینے کی ہدایت


لاہور ہائی کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کی درخواست کے قابل سماعت ہونے کے لیے وکیل کو مزید دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ ایڈووکیٹ اے کے ڈوگر کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں عمران خان نے شہریوں کو سول نافرمانی پر اکسایا تھا، اس لیے وہ پارلیمنٹ کے رکن بننے کے اہل نہیں ہیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان نے لوگوں کو اکسایا کہ وہ ٹیکس نہ دیں اور بیرون ممالک سے رقوم بھی نہ بھیجیں۔

مزید کہا گیا کہ عمران خان نے اپنے حامیوں سمیت پارلیمنٹ کی عمارت پردھاوا بولا اور گیٹ توڑے۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عمران خان نے ملکی سالمیت اور ملکی سیاسی نظام کے خلاف کام کیا، لہذا انہیں نااہل قرار دیا جائے۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے آج وزیراعظم عمران خان کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے بعد عدالت عالیہ نے درخواست کے قابل سماعت ہونے کے لیے وکیل کو مزید دلائل دینے کی ہدایت کی۔

بعدازاں درخواست پر مزید سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی گئی۔

مزید خبریں :