پاکستان
Time 16 نومبر ، 2018

ٹانک کا بھٹا مزدور اپنے نام 27 گاڑیوں سے لاعلم، 89 لاکھ روپے ٹیکس کا نوٹس موصول

ایف بی آر کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں بھٹہ مزدور بشیر احمد کو تاجر اور 27 گاڑیوں کا مالک ظاہر کیا گیا ہے—۔ جیو نیوز اسکرین گریب

ٹانک: صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں بھٹے پر کام کرنے والا ایک مزدور اپنے نام 27 گاڑیوں سے لاعلم نکلا۔

ضلع ٹانک کے علاقے شیخ اوتار میں بھٹے پر مزدوری کرنے والے بشیر احمد کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے 79 لاکھ 24 ہزار 375 روپے ٹیکس کا نوٹس بھیجا گیا اور عدم ادائیگی پر گرفتاری کی وارننگ بھی دی گئی۔

بشیر احمد نے اعلیٰ حکام سے معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے—جیو نیوز اسکرین گریب

نوٹس میں بشیر احمد کو تاجر اور 27 گاڑیوں کا مالک ظاہر کیا گیا ہے۔

بشیر احمد کا کہنا ہے کہ وہ ایک غریب شخص ہے اور عرصے سے بھٹے پر ہی مزدوری کرتا ہے۔ اس نے پوری زندگی میں نہ تو کوئی گاڑی خریدی اور نہ ہی فروخت کی، لہذا اعلیٰ حکام معاملے کا نوٹس لیں۔

گذشتہ دنوں سرگودھا کے رہائشی 60 سالہ محنت کش اللہ دتہ کے نام پر بھی چار لگژری گاڑیوں کی رجسٹریشن کا بھی انکشاف ہوا تھا، جو اس بات پر حیران تھے کہ انہوں نے زندگی میں سائیکل تک نہیں خریدی، وہ اچانک 4 گاڑیوں کے مالک کیسے بن گئے۔

دوسری جانب گزشتہ روز کراچی کے ویلڈر کے نام بھی دبئی میں جائیداد کا انکشاف ہوا تھام جسے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے نوٹس بھیجا گیا تھا۔

یاد ہے کہ سپریم کورٹ میں جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس زیر سماعت ہے اور اب تک ایسے کئی افراد کے اکاؤنٹس میں اربوں یا کروڑوں روپے کی موجودگی کا انکشاف ہوچکا ہے، جنہیں پیسوں کی آمد کا پتہ ہی نہیں۔ان میں کراچی کے فالودے اور رکشے والے سمیت جھنگ کا بیروزگار نوجوان بھی شامل ہے۔

مزید خبریں :