پاکستان
Time 16 نومبر ، 2018

پاکستان کے پہلے آسٹرو ٹرف کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح


چمن: بلوچستان کے شہر چمن میں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے پاکستان کے پہلے اور واحد آسٹرو ٹرف کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح کر دیا۔

آسٹرو ٹرف کرکٹ اسٹیڈیم میں لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے شاٹ لگا کر گراؤنڈ کا افتتاح کیا اور اسے کرکٹ ایسوسی ایشن کے حوالے کردیا۔

گراؤنڈ میں چمن الیون اور قلعہ عبداللہ الیون کے درمیان دوستانہ میچ بھی کھیلا گیا۔

آسٹرو ٹرف اسٹیڈیم اپنی نوعیت کا پہلا گراؤنڈ ہے جہاں ہاکی نہیں بلکہ کرکٹ کھیلی جائے گی، گراؤنڈ کے بیچ میں پختہ پچ اور شائقین کے بیٹھنے کے لیے تین اسٹینڈ بھی بنائے گئے ہیں۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ترقی کا دور شروع ہوچکا ہے، یہاں بڑے بڑے کھلاڑی بھی آئیں گے، شاہد آفریدی، یونس خان اور بڑے بڑے کھلاڑی تقریب میں موجود افراد میں سے ہی نظر آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر طرف امن نظر آرہا ہے، ہم جہاں بھی جاتے ہیں لوگ اچھے تعلیمی ادارے اور سڑکیں مانگتے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ افواج پاکستان نے ہر طرف امن و ترقی کے لئے کام کیا، ہم حکومت بلوچستان کو ہر جگہ سپورٹ کریں گے۔

مزید خبریں :