پاکستان
Time 19 نومبر ، 2018

نوجوانوں کو منفی اور جارحانہ پروپیگنڈے سے آگاہ رہنا ہوگا، آرمی چیف


راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کے ذہنوں کو پروپیگنڈا سے بچانے کیلئے اقدامات ناگزیر ہوگئے ہیں، صورتحال کا رخ مذہبی ، فرقہ وارانہ اور لسانی منافرت کے ساتھ سماجی بغاوت کی طرف بھی ہو رہا ہے، ذمہ داریاں پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہیں سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بریفنگ کے بعد شرکاء نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سوال جواب کیے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو 2 دہائیوں میں مختلف قسم کے خطرات کا سامنا کرنا پڑا لیکن پاکستانی قوم اور فورسز نے بڑی بہادری اور کامیابی سے ان چیلنجز کا مقابلہ کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے ان خطرات کو مؤثر انداز سے شکست دی، صورتحال کا رخ مذہبی، فرقہ وارانہ، لسانی اور سماجی بغاوت کی طرف ہورہا ہے لہٰذا اس معاملے پر مشترکہ قومی جواب کی ضرورت ہے۔

پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہماری ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے، ہمارے عوام خاص طور پر نوجوانوں کو منفی اور جارحانہ پروپیگنڈے سے آگاہ رہنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اب ہمیں آگے بڑھنا ہے اور ترقی کرنی ہے، ہمیں بے بہا قربانیوں کے بعد اس موقع کو ہاتھ سے نہیں جانے دینا چاہیے۔

مزید خبریں :