امیتابھ بچن نے 1400 کسانوں کا قرض چُکا دیا

میگا اسٹار نے بھارتی ریاست اترپردیش کے کسانوں کا قرض ادا کیا ہے جو کہ 5 لاکھ ڈالر ہے — فوٹو:فائل 

بالی وڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن نے تقریباً 1400 سے زائد کسانوں کا قرض چکا دیا۔

بھارت میں زمین کا سینا چیرنے والے کسانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، یہی وجہ ہے کہ بھارت میں کسان قرضے کے بوجھ تلے دب کر خودکشی کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔

بالی وڈ اداکار نانا پاٹیکر بھی کسانوں کی فلاح کیلئے میدان میں ہیں لیکن اب میگا اسٹار امیتابھ بچن نے بھی کسانوں کی مدد کرنے کی ٹھان لی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ میں لکھا ہے کہ انہوں نے 1398 کسانوں کی مدد کی ہے اور ان کا قرض چکا دیا ہے۔

میگا اسٹار نے بھارتی ریاست اترپردیش کے کسانوں کا قرض ادا کیا ہے جو کہ 5 لاکھ ڈالر اور بھارتی روپوں میں 4 کروڑ سے زائد کی رقم بنتی ہے۔

بالی وڈ اداکار نے سرکاری بینک کے مقروض کسانوں کا قرض چکایا اور انہوں نے خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ سب کسانوں کو قرض کی ادائیگی کا بتائیں لیکن یہ ممکن نہیں ہے۔

میگا اسٹار نے چند کسانوں کو ممبئی طلب کیا ہے جہاں انہیں وہ بینک کی جانب سے دی ہوئی دستاویزات دیں گے۔

یاد رہے کہ 1995 سے اب تک 3 لاکھ سے زائد کسان خود کشیاں کرچکے ہیں جن کی بڑی تعداد قرض ادا نہ کرنے کی وجہ سے انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوئی ہے۔

مزید خبریں :