پاکستان
Time 25 نومبر ، 2018

’پاکستان خطے میں امن کیلئے اقدامات اور بھارت کشمیر میں نہتوں پر گولیاں برسا رہا ہے‘

بھارت کو تعصب سے نکل کر امن کیلئے کشمیریوں کا حق خوداردیت تسلیم کرنا ہوگا: وفاقی وزیر۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت فورسز کی ریاستی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

وفاقی وزیر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کیلئے اقدامات کر رہا ہے لیکن بھارت کشمیر میں نہتے لوگوں پر گولیاں برسا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں روزانہ کی بنیاد پر کشمیری نوجوانوں کو شہید کر رہا ہے لیکن کشمیریوں کی نسل کشی سے بھارت اپنے مذموم مقاصد حاصل نہیں کر سکتا۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ بھارت کو تعصب سے نکل کر امن کیلئے کشمیریوں کا حق خوداردیت تسلیم کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کرتار پور راہداری کھولنے سے متعلق اپنا وعدہ پورا کرکے دکھایا۔

یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کی ریاستی دہشت گردی کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے اور تازہ کارروائی میں قابض فورسز نے مزید 8 کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے۔

مزید خبریں :