پاکستان
Time 26 نومبر ، 2018

قونصلیٹ حملے میں شہید پاکستانی پولیس اہلکاروں کیلئے چینی شہریوں کی چندہ مہم

چینی قونصلیٹ حملے میں شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل عامر خان (بائیں) اور اے ایس آئی اشرف داؤد (دائیں)—۔فوٹو/ بشکریہ سندھ پولیس

پاک چین دوستی کے چرچے پوری دنیا میں مشہور ہیں، جس کا ثبوت حال ہی میں اُس وقت دیکھنے کو ملا جب کراچی میں واقع چینی قونصل خانے پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں جام شہادت نوش کرنے والے 2 پاکستانی پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ کی مالی مدد کرنے کے لیے چینی شہریوں نے بھی اپنی مدد آپ کے تحت عطیات جمع کرنے کے لیے مہم کا آغاز کردیا۔

واضح رہے کہ 3 دہشت گردوں نے 23 نومبر کی صبح کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش کی تھی، جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کرکے ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

دوسری جانب کارروائی میں 2 پولیس اہلکار اے ایس آئی اشرف داؤد اور پولیس کانسٹیبل عامر خان شہید جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ جمن خان زخمی بھی ہوا تھا۔

حملے کے وقت قونصل خانے میں 21 چینی شہری موجود تھے، جو بالکل محفوظ رہے۔

اس واقعے کے بعد چینی شہریوں نے سندھ پولیس کے شہید اہلکاروں کے لیے فنڈ ریزنگ مہم کا آغاز کیا۔


پاکستان میں قائم چینی سفارت خانے کے ڈپٹی چیف آف مشن لیجیان ژاؤ نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا، 'چین اور پاکستانی آئرن برادرز ہیں۔ یہ عوام کی عوام سے دوستی ہے۔ حکومتوں کی جانب سے اعزاز کے ساتھ ساتھ چینی شہریوں نے کراچی میں واقع قونصل خانے کی حفاظت کے دوران جانوں کا نذرانہ دینے والے سندھ پولیس کے 2 اہلکاروں اور زخمی ہونے والے سیکیورٹی گارڈ کے اہلخانہ کے لیے عطیات جمع کرنے کا کام شروع کیا ہے۔' 


انہوں نے مزید لکھا، 'پاکستان پولیس کے لیے چینی شہریوں کی جانب سے عطیات اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاک چین دوستی پہاڑوں سے بلند اور سمندر سے زیادہ گہری ہے۔'

لیجیان نے لکھا، 'یہ دوستی خالی خولی باتوں پر مشتمل نہیں ہے بلکہ چینی اور پاکستانی عوام کے دلوں میں نقش ہے۔'



ان کا  مزید کہنا تھا، 'پاکستان کی چین سے دوستی بہت گہری ہے، جس کا آغاز دل سے ہوتا ہے، ہماری حفاظت کے لیے انہوں نے اپنی جانوں کی بھی پروا نہیں کی۔ پولیس اہلکاروں کے لیے چینی شہریوں کے عطیات اس بات کا اظہار ہیں وہ پاکستان کے لیے خصوصی جذبات رکھتے ہیں۔ '



لیجیان کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس اور پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے بیک گراؤنڈ کو چینی قونصل خانے پر حملے کو ناکام بنانے کی کوشش کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں عامر خان اور اشرف داؤد کی یاد میں تبدیل کرلیا ہے۔


واضح رہے کہ سندھ حکومت نے چینی قونصل خانے پر حملے کو ناکام بنانے کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے دونوں پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ کے لیے ایک کروڑ 25 لاکھ روپے فی کس دینے کا اعلان کیا تھا۔

حملے میں زخمی ہونے والے نجی سیکیورٹی گارڈ جمن خان کے لیے بھی انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس ڈاکٹر کلیم امام نے 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جمن خان کے لیے 10 لاکھ اور وفاقی وزیر علی زیدی برائے پورٹس اینڈ شپنگ علی زیدی نے 3 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ جمن خان اِن دنوں جناح اسپتال میں زیر علاج ہے، جہاں اس کی حالت بہتر ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق اسے آئندہ چند دن میں ڈسچارج کردیا جائے گا۔

مزید خبریں :