دنیا
Time 27 نومبر ، 2018

قابض بھارتی فوجیوں نے خاتون سمیت 5 کشمیریوں کو شہید کردیا

قابض بھارتی فوجی اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پیلٹ گنز اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا — فوٹو:فائل 

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ریاستی مظالم ڈھاتے ہوئے 80 سالہ خاتون سمیت 5 کشمیریوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران کولگام اور پلوامہ کے اضلاع میں 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔ 

کشمیر میڈیا سروس نے بتایا کہ بھارتی فوجیوں نے 3 نوجوانوں کولگام کے علاقے ریڈونی اور ایک کو پلوامہ کے علاقے ترال میں سرچ آپریشن کی آڑ میں شہید کیا۔

ان نوجوانوں کی شہادت کے بعد جمعہ سے اب تک شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 22 ہو گئی ہے۔

نوجوانوں کی شہادت پر احتجاج کیلئے لوگ ریڈونی اور اس کے ملحقہ علاقوں اور کولگام قصبے میں سڑکوں پر نکل آئے اور پرامن احتجاجی مظاہرے کیے۔

قابض بھارتی فوجی اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پیلٹ گنز اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا جس سے شوپیاں کی 80 سالہ خاتون دم گھٹنے سے جاں بحق اور متعدد نوجوان زخمی ہوگئے۔

قابض انتظامیہ نے کولگام  اور پلوامہ میں موبائل، انٹرنیٹ سروسز اور ٹرین سروس معطل کر دی ہے۔

دوسری جانب شہید نوجوان کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، شہید نوجوان کی تدفین پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر کی گئی جبکہ جنازے کے شرکاء نے پاکستان کے حق میں اور بھارت کیخلاف نعرے لگائے۔

مزید خبریں :