پاکستان
Time 28 نومبر ، 2018

تربت میں گیس سلنڈر دھماکا؛ بچوں سمیت 24 افراد زخمی

دھماکے کے نتیجے میں دکان کو شدید نقصان پہنچا۔ فوٹو: فائل

بلوچستان کے جنوبی شہر تربت میں گیس سلنڈر کے دھماکے سے 12 بچوں سمیت 24 افراد زخمی ہو گئے۔

تربت میں دکان میں ہونے والے گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دکان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا اور اس کی زد میں آ کر قریبی لوگ بھی زخمی ہوئے۔

دھماکے کے نتیجے میں دکان کو شدید نقصان پہنچا جب کہ اسکول کے بچوں سمیت 24 افراد زخمی ہوئے۔

دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو سول اسپتال تربت منتقل کیا گیا جن میں سے 4 معمولی زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دیکر گھر بھیج دیا گیا جب کہ 13 زخمیوں کو علاج کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا۔

کمشنر مکران کا اس حوالے سے کہنا ہے تمام زخمیوں کو علاج و معالجے کے لیے کراچی منتقل کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ زخمیوں کے علاج و معالجے کے تمام اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔

مزید خبریں :