پاکستان
Time 04 دسمبر ، 2018

اسد عمر سے اختلافات کی خبریں من گھڑت ہیں: جہانگیر ترین

تحریک انصاف عوام سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کرے گی، جہانگیر ترین۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے وزیر خزانہ اسد عمر کے ساتھ اختلافات کی خبروں کو من گھڑت قرار دے دیا۔

فیصل آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو ابھی صرف تین مہینے ہوئے ہیں اور لوگوں نے تنقید شروع کر دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف عوام سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کرے گی، جنوبی پنجاب صوبہ ضرور بنے گا لیکن صوبہ ایک سیکنڈ میں نہیں بن سکتا۔

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد سے آج تک پاکستان میں کوئی نیا صوبہ نہیں بنا، نیا صوبہ بنانے کے لیے جو بھی مسائل ہیں انہیں مل کر حل کریں گے۔

وزیراعطم کی جانب سے قبل از وقت انتخابات سے متعلق سوال پر جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قبل ازوقت انتخابات کی بات سوال کے تناظر میں تھی، اگر قبل از وقت انتخابات ہوئے بھی تو پی ٹی آئی ہی جیتے گی۔

وفاقی وزیر خزانہ کے ساتھ اختلافات کے حوالے سے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ اسد عمر کے ساتھ تنازع کی خبر بالکل من گھڑت اور غلط ہے، پچھلے دنوں ہم تین آدمیوں کی ایسی کوئی میٹنگ بھی نہیں ہوئی۔

وزیراعظم کی جانب سے کچھ وزراء کے استعفوں سے متعلق سوال پر جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ان کے نام صرف عمران خان کو ہی پتہ ہوں گے۔

مزید خبریں :