04 دسمبر ، 2018
بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار نک جونس کی شادی کی نئی تصاویر جاری کردی گئی ہیں۔
پریانکا چوپڑا اور نک جونس کی شادی گزشتہ دنوں بھارت کے تاریخی شہر جودھپور کے عمید بھوان پیلس میں ہوئی جس میں ان کے قریبی دوستوں اور رشتے داروں نے شرکت کی۔
دونوں شخصیات کی شادی ہندو اور عیسائی مذہبی رسومات کے مطابق انجام پائی جب کہ شادی سے پہلے مہندی اور سنگیت کی تقاریب بھی منعقد کی گئیں۔
عیسائی رسم و رواج کے مطابق ہونے والی شادی میں دونوں نے رالف لورین کے ڈیزائن کئے ہوئے کپڑے پہنے جب کہ ہندو رسم و رواج کے مطابق شادی کی تقریب میں دلہا دلہن نے مشہور بھارتی ڈیزائنر سبیاساچی مکھرجی کے ڈیزائن کیے ہوئے جوڑے زیب تن کئے۔
اب نئے شادی شدہ جوڑے نے اپنی شادی کی نئی تصاویر جاری کی ہیں جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں نے عیسائی اور ہندو رسومات کے مطابق ہونے والی شادیوں کیلئے الگ الگ لباس زیب تن کئے ہیں۔
پریانکا نے عیسائی رسم و رواج کے مطابق ہونے والی شادی کے موقع پر روایتی گاؤن جبکہ ہندو رسم کے مطابق ہونے والی تقریب میں سرخ عروسی لباس کا انتخاب کیا، نک جونس نے بھی بلیک پینٹ کوٹ اور کرتا شادی میں پہنا۔
بالی وڈ اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے شادی کی تصاویر شیئر کی ہیں جب کہ امریکی جریدے ’پیپل‘ نے شادی کی تصویروں کے حقوق خریدے ہیں اور اپنے ہفتہ وار میگزین کے سرورق پر بھی شائع کی ہیں۔
شادی شدہ جوڑے کی جانب سے دہلی کے تاج پیلس ہوٹل میں شادی کا پہلا استقبالیہ دیا گیا جس میں سیاسی، سماجی و فلمی شخصیات نے شرکت کی۔
استقبالیے میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بھی شریک تھے جو کہ تقریب کے دوران اسٹیج پر شادی شدہ جوڑے کے ساتھ خوشگوار موڈ میں گپ شپ کرتے نظر آئے۔
پریانکا اور نک جونس کی شادی کا دوسرا استقبالیہ ممبئی میں ہوگا جس میں شوبز سے وابستہ شخصیات شریک ہوں گی۔