پاکستان
Time 05 دسمبر ، 2018

دوبارہ تجاوزات قائم کرنیوالوں کیخلاف مقدمہ درج کرائیں گے: میئر کراچی

میئر کراچی وسیم اختر کی میڈیا سے گفتگو: ویڈیو اسکرین گریب

کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہےکہ آپریشن کے بعد تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے اور مقدمہ بھی درج کرائیں گے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ آپریشن کے معاملے پر کوئی مک مکا نہیں ہے، ہم بہت سنجیدہ ہیں کیونکہ عدالتی حکم ہے، تجاوزات کا مضبوط اسٹرکچر ختم کردیا ہے، ٹھیلے والے عارضی طور پر جمع ہوتے ہیں یہ ٹریفک پولیس کی ذمہ داری ہےکہ سڑکوں کو کلیئر کرائے۔

وسیم اختر نے کہا کہ آپریشن کے بعد دوبارہ کوئی تجاوزت قائم کرتا ہے تو اس سے سختی سے نمٹا جائے گا اور اس کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام کام اکٹھے نہیں کرسکتے، آنے والے وقت میں ٹریفک ڈیپارٹمنٹ بھی ان چیزوں سے نمٹے گا، اگر ٹھیلے پر کچھ بیچنا ہے تو ایک جگہ اکٹھے نہ ہوں اس سے ٹریفک بلاک ہوتا۔

ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہ ملبے کو اٹھانے میں وقت لگ رہا ہے، کے ایم سی کے پاس اتنے فنڈ نہیں، ہم نے کچھ ملبہ اٹھایا ہے، وزیراعلیٰ سندھ کو فنڈ اور مشینری کے لیے درخواست دی ہے۔

اس موقع پر وسیم اختر نے سانحہ 12 مئی اور 9 اپریل سے متعلق پی ٹی آئی کے خرم شیر زمان کے بیان پر جواب دینے سے گریز کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سنجیدہ کام کررہے ہیں، خرم شیرزمان مونٹیسوری میں ہیں ابھی بڑے ہوں گے تو سیکھ جائیں گے، یہ وہ لوگ ہیں جن کے پاس کوئی کام نہیں، جن کو اپنی سیاست چمکانی ہے۔

اس موقع پر میئر کراچی نے فاروق ستار کا نام لیے بغیر کہا کہ جو بے کار لوگ تھے ہم نے انہیں پارٹی سے فارغ کردیا ہے، دوسری پارٹیاں بھی اس طرح کے لوگوں کو دیکھیں۔

وسیم اختر کا کہنا تھاکہ میں نہیں سمجھتا کہ آپریشن سے ایم کیوایم کے ووٹ بینک پر فرق پڑے گا، آپریشن میں جن دکانداروں کو نقصان ہوا ہے انہیں متبادل جگہ دے رہے ہیں، کراچی والوں کے ساتھ ہیں کسی کا نقصان نہیں ہونے دیں گے۔

مزید خبریں :