کھیل
Time 06 دسمبر ، 2018

ایمرجنگ ایشیا کپ: پاکستان نے ہانگ کانگ کو 225 رنز سے شکست دے دی

ایونٹ کا دوسرا میچ متحدہ عرب امارات اور بنگلادیش کی ٹیموں کے درمیان ڈی ایچ اے گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ فوٹو: بشکریہ پی سی بی 

کراچی: ایمرجنگ ایشیا کپ 2018 کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 225 رنز سے شکست دے دی۔ 

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ہانگ کانگ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو گرین شرٹس نے مقررہ 50 اوورز میں اوپنرز کی سنچریوں کی بدولت 3 وکٹوں کے نقصان پر 366 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم 34 اوورز میں 141 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، گرین شرٹس کی جانب سے محمد الیاس نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، خوشدل شاہ نے 2، حسین طلعت اور محمد اصغر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور علی عمران نے پہلی وکٹ پر 219 رنز کی شراکت قائم کی۔

صاحبزادہ فرحان 130 اور علی عمران 107، خوشدل شاہ نے 83 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان محمد رضوان 33 اور حسین طلعت 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

ہانگ کانگ کے اعزاز خان نے 2 اور احسان نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ایونٹ کا دوسرا میچ متحدہ عرب امارات اور بنگلادیش کی ٹیموں کے درمیان ڈی ایچ اے گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔

یو اے ای کی پوری ٹیم بیٹنگ کرتے ہوئے 49.4 اوور میں 267 رنز بنا سکی جس کے جواب میں بنگلادیش کی ٹیم 36.5 اوور میں 170 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ 

یاد رہے کہ ایمرجنگ ایشیا کپ کی میزبانی مشترکہ طور پر پاکستان اور سری لنکا کر رہے ہیں، ایونٹ میں 8 ٹیمیں شامل ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ 'اے' میں شامل بھارت، سری لنکا، اومان اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں اور ان ٹیموں کے تمام میچز سری لنکا میں ہوں گے جب کہ گروپ 'بی' میں پاکستان، بنگلادیش، متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شامل ہیں۔

گروپ بی کے تمام 6 میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم اور ڈی ساؤتھ اینڈ گراؤنڈ ڈی ایچ اے میں کھیلے جائیں گے۔

مزید خبریں :