دنیا
Time 06 دسمبر ، 2018

چینی ٹیلی کام کمپنی کی چیف فنانشل آفیسر کینیڈا میں گرفتار

امریکا نے تحویل مجرمان کے معاہدے کے تحت ان کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے، وزارت انصاف کینیڈا۔ فوٹو: فائل

اوٹاوا: کینیڈا نے چین کی نامور ٹیلی کام کمپنی 'ہوائی' کی چیف فنانشل آفیسر مینگ وینزوا کو گرفتار کرلیا۔

کینیڈا کی وزارت انصاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وینکور شہر سے مینگ وینزوا کو حراست میں لیا گیا اور امریکا نے تحویل مجرمان کے معاہدے کے تحت ان کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مینگ وینزوا کو ضمانت پر رہائی کے لیے جمعے کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا تاہم حساس نوعیت کا کیس ہونے کے باعث مزید معلومات فراہم نہیں کی جاسکتیں۔

یاد رہے کہ امریکی میڈیا رواں سال کے آغاز پر رپورٹ کر رہا تھا کہ امریکا ایران پر پابندی کے باوجود چینی ٹیلی کام کمپنی 'ہوائی' کی جانب سے ایران کو نیٹ ورکنگ کا سامان فروخت کرنے کی تحقیقات کر رہا ہے۔

دوسری جانب چین نے مینگ وینزوا کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ امریکا اور کینیڈا انہیں حراست میں لیے جانے پر وضاحت پیش کریں۔

ہوائی کمپنی نے مینگ وینزوا کی گرفتاری پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ وہ ایگزیکٹو کی جانب سے کسی بھی قسم کے غلط کاموں میں ملوث ہونے کے حوالے سے لاعلم ہیں۔

مزید خبریں :