پاکستان
Time 07 دسمبر ، 2018

’کراچی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کر رہے ہیں، نا گھر توڑیں گے نہ توڑنے دیں گے‘


میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی میں پارکس اور نالوں پر قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن کر رہے ہیں، نا کوئی گھر توڑیں گے اور نہ کسی کو توڑنے دیں گے۔

کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے کے تحت میئر کراچی کو تجاوزات کے خاتمے کیلئے مینڈیٹ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میئر کراچی نے تجاوزات کے خاتمے کیلئے اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کیں لیکن جو ادارے میئر کراچی کے ماتحت نہیں وہ بھی تجاوزات کے نا م پر کارروائی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میئر کراچی نے تجاوزات کے نام پر ایک گھر بھی نہیں توڑا، ایم کیو ایم کسی کو بے گھر نہیں ہونے دے گی۔

خالد مقبول صدیقی نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے میئر کو اختیارات دیئے جائیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ کے ایم سی کی ہزاروں ایکڑ زمین پر کس نے قبضہ کیا؟ کراچی میں قبضے میں سیاسی جماعتوں کا کردار ہے تو ایم کیو ایم کا ایک فیصد ہو گا۔

کراچی کے نالوں، پارکس سے تجاوزات ختم کر رہے ہیں: میئر کراچی وسیم اختر

میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات آن بورڈ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے نالوں، پارکس سے تجاوزات ختم کر رہے ہیں لیکن تجاوزات کے خلاف آپریشن پر کچھ لوگ سیاست چمکا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نہ گھر توڑیں گے نہ توڑنے دیں گے، متاثرہ افراد کو متبادل جگہ دی جا رہی ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ جن لوگوں نے گھر کے ساتھ دکانیں بنائیں ہیں ان کو ریگولرائز کیا جائے گا، کے ایم سی پہلے مرحلے میں ایک ہزار دکانیں متاثرہ افراد کو قرعہ اندازی کے ذریعے دے گی۔

انہوں نے کہا کہ فٹ پاتھ لوگوں کے چلنے کے لیے ہے کاروبار کے لیے نہیں، اگر پکڑنا ہے تو ان لوگوں کو پکڑیں جنہوں نےگھر بنانے کے لیے این او سی دیئے۔

مزید خبریں :