پاکستان
Time 08 دسمبر ، 2018

سکھوں کو بغیر پاسپورٹ اور ویزہ کرتارپور آنے کی اجازت ہوگی، وزیر خارجہ

مسئلہ کشمیر پر مشاورت کیلئے تمام جماعت کودعوت دیتا ہوں، وزیر خارجہ — فوٹو:فائل 

ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کرتار پور راہداری سے سکھوں کو بغیر پاسپورٹ اور ویزہ  آنے کی اجازت دیں گے۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں اور مسئلہ کشمیر کو عالمی فورم پر اجاگر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر مشاورت کیلئے تمام جماعتوں کودعوت دیتا ہوں کہ سیاسی جماعتیں آئیں اور مل کر کشمیر ڈے لندن میں منائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کرتار پور راہداری کے ذریعے سکھوں کو بغیر پاسپورٹ اور ویزے کے آنے کی اجازت دیں گے، کرتارپور راہداری کھولنے کا اقدام خیرسگالی اور امن کیلئے ہے اور ہمارے خیر سگالی کے پیغام کو پوری دنیا نے سراہا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک سال پہلے جنوبی ایشیا کی پالیسی دی تھی، اب ڈومور ڈومور کہنے والوں نے مدد مانگ لی ہے اور عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے امریکی صدر سے دوٹوک بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل میں پاکستان اپنا کردار ادا کرے گا ، 15 دسمبر کو کابل جارہا ہوں جہاں چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ سے ملاقات ہوگی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاؤں ان کے کانپ رہے ہیں جو کٹہرے میں کھڑے ہیں، احتساب کا عمل چل رہا ہے اور ہمارے وزراء پر الزام آیا تو وہ ازخود چلے گئے کیوں کہ ہم نئی مثال قائم کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں بجلی کے نرخ بڑھے ہیں لیکن کسانوں کے ٹیوب ویلوں کے ریٹ آدھےکردیئے ہیں، گنے کے کاشتکاروں کو فائدہ دینے کیلئے دس لاکھ ٹن چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی ہے اور ضرورت پڑنے پر سبسڈی بھی دی جائے گی۔

مزید خبریں :