کھیل
Time 08 دسمبر ، 2018

صرف کپتان ہی نہیں پوری ٹیم کی کارکردگی سے فرق پڑتا ہے، سرفراز

ہمارے بیٹسمینوں کو زیادہ اسکور کرنا چاہیے تھا، لمبی اننگز نہ کھیلنے کے باعث ٹیسٹ میں شکست ہوئی، کپتان کی وطن واپسی پر گفتگو— فوٹو: فائل

نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کھیلنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے۔

کپتان سرفراز احمد نے کراچی واپسی پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مجموعی طور پر دورہ اچھا رہا، نیوزی لینڈ کے خلاف جو غلطیاں ہوئیں، ان پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔

سرفراز نے کہا کہ صرف کپتان ہی نہیں پوری ٹیم کی کارکردگی سے فرق پڑتا ہے، ہمارے بیٹسمینوں کو زیادہ اسکور کرنا چاہیے تھا، لمبی اننگز نہ کھیلنے کے باعث ٹیسٹ میں شکست ہوئی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی مختلف پروازوں سے لاہور اور کراچی پہنچے، لاہور پہنچنے والوں میں محمد حفیظ ،امام الحق، اظہرعلی، حسن علی سمیت دیگر کھلاڑی شامل تھے جبکہ کپتان سرفراز احمد، اسد شفیق اور میرحمزہ دبئی سے کراچی پہنچے۔

ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں سرفراز کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر دورہ اچھا رہا، مواقع ملنے کے باوجود میچ جیت نہ سکے، نیوزی نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، سیریز میں کافی چیزیں سیکھنے کو ملیں، بیٹنگ میں زیادہ اسکور کرنے کی ضرورت تھی۔

پاکستان ٹیم کا اگلا امتحان جنوبی افریقا کا دورہ ہے جس کیلئے قومی ٹیم 12 دسمبر کو جنوبی افریقا روانہ ہوگی۔ 

مزید خبریں :