دنیا
Time 10 دسمبر ، 2018

قابض بھارتی فوج نے 1989 سے اب تک 95 ہزار سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا: رپورٹ

7 ہزار 120 افراد کو دورانِ حراست شہید کیا گیا: رپورٹ_ فائل فوٹو

سری نگر: قابض بھارتی فوج نے 1989 سے اب تک 95 ہزار سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا۔

انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر کشمیر میڈیا سروس کی جانب سے وادی میں 29 سال سے جاری بھارتی مظالم کے حوالے سے رپوٹ جاری کی گئی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق قابض بھارتی فوج نے 1989 سے اب تک 95 ہزار 238 کشمیریوں کو شہید کیا جن میں سے 7 ہزار 120 افراد کو دورانِ حراست شہید کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ بھارتی فوج کی قاتلانہ کارروائیوں سے 22 ہزار 894 خواتین بیوہ اور ایک لاکھ سے زائد بچے یتیم ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ہزاروں خواتین کی حرمت بھی پامال کی گئی جب کہ ایک لاکھ 9 ہزار سے زائد گھروں کو بھی نقصان پہنچایا گیا، اس عرصے کے دوران 8 ہزار افراد کو پولیس اور فوج کی حراست میں لاپتا کردیا گیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ اس عرصے میں قابض بھارتی فورسز نے 350 ایسے افراد کو بھی شہید کیا جن میں پی ایچ ڈی اسکالرز، حریت رہنما اور پروفیسرز بھی شامل ہیں جب کہ 2 ہزار سے زائد نوجوانوں، طلبا، کم عمر لڑکوں، خواتین اور حریت رہنماؤں کو جیل بھی بھیجا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران چیئرمین حریت کانفرنس سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک سمیت دیگر رہنماؤں کو متعدد مرتبہ جھیل بھیجا گیا اور نظر بند کیا گیا جب کہ انہیں کئی مرتبہ نماز جمعہ کی ادائیگی سے بھی روکا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ برہانی وانی کی شہادت کے بعد سے فائرنگ اور پیلٹ گن کے استعمال سے 846 افراد کو شہید کیا گیا جب کہ 25 ہزار سے زائدا فراد پیلٹ گن اور فائرنگ سے زخمی ہوئے، پیلٹ گن سے بچوں سمیت ڈھائی ہزار سے زائد افراد کی بینائی متاثر ہوئی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنماؤں نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ سے اپیل کی ہےکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال کو دیکھنے کے لیے اپنی مانیٹرنگ ٹیمیں بھیجے۔

مزید خبریں :