پاکستان
Time 11 دسمبر ، 2018

جس کو شراب پینی ہوتی ہے وہ کہیں سے بھی پی لیتا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات

سستی شہرت کیلئے شراب کی قرارداد لانے کی کوشش کی گئی، وفاقی وزیر — فوٹو:فائل 

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جس کو شراب پینی ہوتی ہے وہ کہیں سے بھی لے کر پی لیتا ہے۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس آج ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کی زیر صدارت ہوا جس میں حکومتی اقلیتی رکن رمیش کمار نے شراب کے لائسنس کی منسوخی کا بل پیش کیا اور اس پر رائے شماری کرانے کا مطالبہ کیا۔

حکومتی رکن کے بل کی حمایت متحدہ مجلس عمل کے ارکان نے بھی کی جب کہ رمیش کمار نے کہا کہ شراب تمام مذاہب میں حرام ہے لہٰذا اس کی فروخت بند کی جائے۔

پارلیمانی سیکریٹری قانون ملیکہ بخاری نے کہا کہ ایسا بل پہلے بھی پیش ہو چکا ہے مگر نتیجہ نہیں نکلا لہٰذا بل متعلقہ کمیٹی کو بھیج دیا جائے۔

حکومتی رکن نے بل پر ووٹنگ کرانے کا مطالبہ کیا لیکن بل پر ڈپٹی اسپیکر نے رائے لی اور کثرت رائے سے بل پیش کرنے سے روک دیا گیا۔

اس حوالے سے جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ سستی شہرت کیلئے شراب کی قرارداد لانے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جس کو شراب پینی ہوتی ہے وہ کہیں سے بھی پی لیتا ہے۔

یاد رہے کہ حکومتی رکن رمیش کمار کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے اور وہ قومی اسمبلی میں اقلیتی نشست پر رکن بنے ہیں۔

مزید خبریں :