محبوبہ سے محض 10 سیکنڈ کا ٹاکرا، چینی شہری نے نوکری کو بھی خیرباد کہہ دیا

سن گزشتہ 50 دنوں سے اُس لڑکی کے انتظار میں صبح 11 سے شام 7 بجے تک بک اسٹور میں موجود ہوتے ہیں—.اسکرین گریب

کہتے ہیں کہ کسی کے عشق میں گرفتار ہونے کے لیے محبوب کی ایک نگاہ ہی کافی ہوتی ہے جس کا منہ بولتا ثبوت سن نامی ایک چینی باشندے نے دیا، جنہوں نے اپنی محبوبہ کی محض ایک نگاہ پر سب چیزوں کو خیرباد کہہ دیا۔

 26 سالہ سن نے رواں برس ستمبر میں چینی دارالحکومت بیجنگ کے مشہور بُک اسٹور وانگ فوجنگ کا دورہ کیا جہاں ایک خوبصورت لڑکی سے 10 سیکنڈ تک ان کا سامنا ہوا۔

آڈیٹی سینٹرل کی ایک رپورٹ کے مطابق سن نے چینی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ لڑکی اپنی دوست کے ہمراہ بک اسٹور پر آئی تھی، جسے دیکھتے ہی میں اُس کا اسیر ہوگیا۔

سن کا کہنا تھا کہ ہم دونوں نے صرف 10 سیکنڈز تک ایک دوسرے کو دیکھا اور پھر وہ چلی گئی، میں نے اسی وقت بات کرنے کی کوشش کی لیکن میں نہیں کرسکا۔

اور اب سن گزشتہ 50 دنوں سے اُس لڑکی کے انتظار میں صبح 11 سے شام 7 بجے تک بک اسٹور میں موجود ہوتے ہیں۔

سن کو امید ہے کہ وہ لڑکی کبھی نہ کبھی بک اسٹور ضرور آئے گی اور جیسے ہی وہ انہیں نظر آئے گی وہ اسے شادی کی پیشکش کردیں گے۔

ان کے مطابق اگر وہ لڑکی ہاں کرے گی تو وہ ان کی زندگی کا سب سے خوبصورت اور یادگار لمحہ ہوگا اور اگر وہ انکار کرتی ہے تو وہ اپنی زندگی میں آگے بڑھ جائیں گے۔

حیران کن بات یہ ہے کہ سن نے اس لڑکی سے ملاقات کرنے کے لیے اپنی نوکری کو بھی خیرباد کہہ دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ انسان اپنے اہل خانہ کے لیے کماتا ہے، جب اہلیہ ہی نہیں تو کمانا کیسا!

ہے تو ویسے عجیب سی بات لیکن چینی میڈیا پر آج کل سن کی محبت کے چرچے ہیں، جبکہ متعدد صارفین نے انہیں سوشل میڈیا پر دیوانہ، پاگل، بے وقوف اور ذہنی مریض قرار دیا ہے۔