پاکستان
Time 13 دسمبر ، 2018

وزیراعظم عمران خان نے مراد سعید کو وفاقی وزیر مقرر کرنے کی منظوری دے دی

قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے مراد سعید کی بطور وفاقی وزیر تعیناتی کی سمری پر دستخط کردیے، ذرائع— فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے مراد سعید کو وفاقی وزیر مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے مراد سعید کی بطور وفاقی وزیر تعیناتی کی سمری پر دستخط کردیے۔ قائم مقام صدر صادق سنجرانی کو وزیراعظم نے سمری ارسال کی تھی۔

خیال رہے کہ مراد سعید اس وقت وزیر مملکت برائے مواصلات اور پوسٹل سروسز کے طورپر کام کررہے ہیں۔ 10 دسمبر کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا تھا جو تقریباً 9 گھنٹوں تک جاری رہا اور اس دوران وزیراعظم نے وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے وزراء سے کارکردگی پر فرداً فرداً سوال کیے ، وزرا کو کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ہدایات اور مشورے دیے، کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے مزید 3 ماہ کا وقت دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس اجلاس کے حوالے سے وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے مراد سعید کی کارکردگی کو سب سے زیادہ سراہا اور انہیں وفاقی وزیر بنانے کا اعلان کیا۔

مزید خبریں :