دسویں تہذیب فیسٹول کا میلہ کل سے کراچی میں سجے گا

فیسٹول کا مقصد ثقافتی تجدید اور نئے فنکاروں کو اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ فوٹو: تہذیب فاؤنڈیشن/فیس بک

کراچی: تہذیب فاؤنڈیشن اور آرٹس کونسل پاکستان کے اشتراک سے دسویں تہذیب فیسٹیول کا انعقاد کل سے شہر قائد میں ہونے جا رہا ہے۔

دسواں تہذیب فیسٹول 14 سے 16 دسمبر تک جاری رہے گا، اس تین روزہ فیسٹول میں پاکستان کے نامور موسیقار موسیقی کی مختلف اقسام جیسے خیال، ٹھمری، غزل اور لوک موسیقی کو منفرد انداز میں پیش کریں گے۔

پاکستان کے علاوہ بھارت اور افغانستان کےمعروف فنکار بھی اس فیسٹول کا حصہ بنیں گے۔

تقریب میں شرکت کرنے والوں میں پٹیالہ گھرانے سے تعلق رکھنے والے استاد حامد علی خان، بھارت سے استاد بڑے غلام علی خان کے پوتے استاد رضا علی خان اور گوالیار گھرانے سے تعلق رکھنے والے استاد فتح علی خان شامل ہیں۔

افغانستان سے ولی فتح علی خان اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

فیسٹول میں نوجوان موسیقاروں میں شاہ زیب علی خان، تراب علی، شہروز حسین، عمران الیاس خان، احمد رضا خان اور دیگر موسیقار شامل ہیں۔

اس کے علاوہ موسیقی کے ماہر کلاسیکل فنکار استاد شاہد حمید، ہارمونیم پر پروفیسر شہباز علی اور ستار پر راقع جمیل بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

تہذیب فیسٹول میں معروف مصنف انور مقصود کی ادبی نشست کا اہتمام بھی کیا گیا ہے، جس میں انور مقصود نامور شاعر جون ایلیا سے تخلیاتی گفتگو کریں گے۔

تہذیب فاؤنڈیشن کے مطابق فیسٹول میں شرکت کرنے کے لیے کسی رجسٹریشن اور فیس کی ضرورت نہیں ہے۔

جیو ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے تہذیب فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر شریف اعوان نے بتایا کہ فاؤنڈیشن اور  فیسٹول کا مقصد ثقافتی تجدید اور نئے فنکاروں کو اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

شریف اعوان نے مزید کہا کہ معاشرے کا اصل چہرہ ثقافت ہوتا ہے اور ہم اسے ہی سب کے سامنے لانا چاہتے ہیں۔

اس سے پہلے منعقد کیے گئے فیسٹول میں جرمنی، برطانیہ اور ترکی سمیت کئی دیگر ممالک سے آئے فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔

تہذیب فاؤنڈیشن پاکستان میں موسیقی، ادب اور فنون لطیفہ کی ترقی اور ترویج کے لیے کام کرنے والا ادارہ ہے۔

یہ ادارہ برصغیر کی کلاسیکی موسیقی کو محفوظ کرنے اور اس کا ریکارڈ رکھنے کا فریضہ بھی سرانجام دے رہا ہے۔

مزید خبریں :