کرتارپور راہداری امن کاراستہ — بھارتی اداکارہ پونم کور نے مختصر فلم ریلیز کردی

بھارتی اداکارہ پونم کور—.اسکرین گریب

بھارتی تامل اداکارہ پونم کورنے دورہ پاکستان کے دوران بنائی گئی مختصر دورانیے کی دستاویزی فلم ریلیز کردی ہے، جس میں کرتاپور راہداری کھولنے کے فیصلے کو دونوں ملکوں کے درمیان امن کا راستہ قرار دیا گیا ہے۔

12 برس سے تامل فلموں میں کام کرنے والی پونم کور نے گذشتہ ماہ 21 سے 30 نومبر تک پاکستان کادورہ کیا تھا۔

اس دوران پونم کور نے 28 نومبر کو کارتارپور راہداری کھولنے کی تقریب میں بھی شرکت کی اور گوردواروں پر حاضری دی تھی۔

 اسی موقع پر انہوں نے ایک نان کمرشل فلم بنائی جس میں دنیا بھر میں سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والوں کو پیغام دیا گیا کہ وہ پاکستان ضرور آئیں۔



اے واک وِد پونم کپور (A Walk With Poonam Kapoor) نامی یہ دستاویزی فلم 4 منٹ 36 سیکنڈ پر مشتمل ہے جس میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو پاکستان کی پہچان قرار دیا اور سابق بھارتی کرکٹر و ریاستی وزیر نوجوت سنگھ سدھو سے محبت کا بھی اظہار کیا۔

پونم نے شاعر مشرق علامہ اقبال کے ایک شعر کے ذریعے بھی اپنے پیغام کو اجاگر کیا، ’پھر اٹھی آخر صدا توحید کی پنجاب سے، ہند کو ایک مرد کامل نے جگایا ہے خواب سے‘۔ 

کرتارپور راہداری کھولنے کے اقدام کے بعد پونم کور کو یقین ہے کہ عمران خان دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں۔

اداکارہ نے ایک ٹوئٹر پیغام میں عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’اللہ نے انہیں پاکستان کو بدلنے کا موقع دیا ہے، میں دل سے چاہتی ہوں کہ وہ اس میں کامیاب ہوں، آپ صحیح کہتے ہیں کہ ماضی میں رہنے سے اچھا ہے کہ ہم آج بدلیں، ہماری آنے والی نسل کے لیے‘۔


پونم کور نے دورہ پاکستان کے دوران جیونیوز سے بھی گفتگو کی تھی، جس میں ان کا کہنا تھا کہ کرتارپور راہداری نے لوگوں کے دل ملا دیئے ہیں۔

تامل اداکارہ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت سرحد خون سے بہت رنگین ہوچکی ہے، اب وقت ہے کہ اسے محبت کے پھولوں سے آباد کیا جائے۔

مزید خبریں :