پاکستان
Time 16 دسمبر ، 2018

پیپلز پارٹی کا بڑا لیڈر پکڑا جانے والا ہے: اپوزیشن لیڈر سندھ

پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی پریس کانفرنس کرتے ہوئے —.جیو نیوز اسکرین گریب

کراچی: تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کا بڑا لیڈر پکڑا جانے والا ہے۔

فردوس شمیم نقوی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بڑے لیڈروں کو سندھ میں نہیں پنجاب میں منتقل کرنا چاہیے اور پیپلز پارٹی کے ایک بڑے لیڈر کو جیل جاتا دیکھ رہے ہیں۔

فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ اندرون سندھ اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کا برا حال ہے لیکن وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر بلدیات سعید غنی کی آنکھوں پر پردہ پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی خدمت کے دعویدار کراچی کو پانی دیتے ہیں اور نہ صفائی، جس شہر میں 22 ہزار بسیں تھیں 6 ہزار ہی چلنے کے قابل رہ گئیں ہیں۔ 

اپوزیشن لیڈر سندھ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کو لاڑکانہ کے 90 ارب روپے کا حساب دینا چاہیے یہ تو بجٹ میں چوری کرتے ہیں۔

فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ سجاول کے علاقے گجو میں لڑکیوں کے لیے اسکول ہی نہیں جب کہ دو تین سال پہلے بنے اسکول کی چھتیں ہی گر چکی ہیں، ایک اسپتال میں جانا ہوا جہاں واش روم تھا لیکن اس میں پانی کا کنیکشن نہیں تھا۔

مزید خبریں :