پاکستان
Time 16 دسمبر ، 2018

وزیر خارجہ کی سفراء کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اجاگر کرنے کی ہدایت

اقوام عالم مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم بند کروانے میں اپنا کردار ادا کریں، شاہ محمود قریشی کی اپیل — فوٹو: اسکرین گریب 

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کو ہدایات جاری کیں ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کو اجاگر کریں۔

دفتر خارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کل 14 کشمیری بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہوئے اور کُل 300 سے زائد کشمیریوں کو زخمی کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بربریت جاری ہے اور گزشتہ ماہ نومبر میں 18 نہتے کشمیریوں کو شہید کیا گیا، دنیا کی ترجیحات میں کشمیر نہیں ہے لیکن دنیا اتنی بے حس اور لاتعلق نہیں ہو سکتی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ 2016 میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم نے شدت پکڑ لی اور پوری دنیا کی توجہ اس ظلم و بربریت کی جانب مبذول کروانا چاہتا ہوں کیوں کہ بھارتی فوج کا ایک ہی مقصد واضح ہے کہ کشمیریوں کا قتل عام کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکی حالیہ صورتحال پر اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری، ہیومن رائٹس کمیشن اور اوآئی سی کے سیکریٹری جنرل کو خطوط لکھے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ اقوام عالم مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم بند کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

 شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے ٹیلیفون پر بات کی اوران کو کشمیر کی حالیہ صورتحال پر توجہ مبذول کرائی جب کہ ان سے بات کی ہے کہ کانٹیکٹ گروپ کا اجلاس طلب کیا جائے اور پاکستان کانٹیکٹ گروپ کی میزبانی کیلئے تیار ہے، اگر پاکستان میں اجلاس کرانے میں کوئی دشواری ہے تو اجلاس جدہ میں بھی کرایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدہ میں پاکستانی قونصل خانہ اس سلسلے میں باقاعدہ درخواست او آئی سی کو جمع کرائے گا۔ 

وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ 5 فروری کو کشمیر کے حوالے سے لندن میں عالمی کانفرنس کی تجویز ہے، کشمیر ایشو پر تمام سیاسی جماعتیں ایک مؤقف رکھتی ہیں اور تمام جماعتیں سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کشمیر میں ظلم وستم کیخلاف نکلیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 19 فروری کو برسلز میں یورپی یونین اور یورپین پارلیمنٹ کی مسئلہ کشمیر پر پبلک سماعت ہوگی، یورپین پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر پبلک سماعت کی حمایت بھی کریں گے اور حصہ بھی بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں کشمیر میں جاری بربریت کیخلاف متفقہ مذمتی قرارداد بھی آنی چاہیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے ضلع پلواما میں آپریشن کے نام پر بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 10 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا تھا۔

مزید خبریں :