پاکستان
Time 16 دسمبر ، 2018

علیمہ خانم کیس : وزیراعظم کی طرف سے کوئی دباؤ نہیں، وزیر مملکت برائے ریوینیو

ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کو قانونی تحفظ حاصل ہے، کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی اورنہ بے جا سختی ہوگی— فوٹو: فائل

لاہور: وزیر مملکت برائے ریوینیو حماد اظہر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی بہن علیمہ خانم کے کیس کے حوالے سے وزیراعظم یا کسی اور کی طرف سے کوئی دباؤ نہیں۔

حماد اظہر نے کہا کہ علیمہ خانم کا کیس قانون کے مطابق چل رہا ہے ،کچھ لوگ احتساب کے عمل سے گھبرائے ہوئے ہیں، ہم نے آتے ہی نان فائلرز کیخلاف آپریشن شروع کیا، موجود حکومت ٹیکس قوانین اور پالیسی کو آسان بنانا چاہتی ہے۔

انہوں ںے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو گذشتہ روز ٹیکس اصلاحات پربریفنگ دی گئی، وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ایف بی آر کو کاروبار دوست بنایا جا رہا ہے۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ ہماری وزارت میں کام کرنے والے افراد بہترین قابلیت کے حامل ہیں، ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کو قانونی تحفظ حاصل ہے، کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی اورنہ بے جا سختی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس اصلاحات کے حوالے سے آئندہ کچھ دن میں اپنا لائحہ عمل دیں گے، ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے عمل کو بھی آسان بنایا جائے گا۔

حماد اظہر نے کہا کہ ڈالر کی قدر کے حوالے سے وزیر خزانہ خود بھی کہہ چکے ہیں کہ ان کے علم میں تھا، کچھ لوگ احتساب کے عمل سے گھبرائے ہوئے ہیں، الیکشن ہوبھی جائیں تو انشاء اللہ پی ٹی آئی دوبار جیت جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حوالہ ہنڈی کیخلاف کارروائی مزید سخت کررہے ہیں، ایف بی آر نے مزید 20 ہزار نان فائلرز کو نوٹس جاری کئے ہیں، جس موبائل کی ڈیوٹی جمع نہیں ہو گی وہ 30 یوم کے اندر بند ہو جائے گا۔

مزید خبریں :