پاکستان
Time 18 دسمبر ، 2018

ڈاکٹر اریبہ اور راجہ بشارت کے معاملے پر کوئی غیر قانونی کام نہیں ہوگا: بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب کی لاہور میں میڈیا سے گفتگو: ویڈیو اسکرین گریب

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہےکہ اریبہ عباسی اور راجہ بشارت کے معاملے پر تحقیقات کے بعد چیزیں سامنے آئیں گے جب کہ اس حوالے سے کوئی غیر قانونی کام ہوگا اور نہ کرنے دیں گے۔

گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی صاحبزادی ڈاکٹر اریبہ عباسی نے راولپنڈی کے بینظیر بھٹو اسپتال میں میڈیکل آفیسر کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا اور سیاسی انتقامی کارروائی کا الزام لگایا تھا جب کہ اس حوالے سے پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت اور اسپتال کے ایم ایس کی مبینہ آڈیو بھی سامنے آئی تھی جس میں وزیر قانون ایم ایس کو تبادلے کی دھمکی دے رہے تھے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ راجہ بشارت کے معاملے پر کوئی غیر قانونی کام نہیں ہوگا، اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں، سب ٹھیک ہوجائے گا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ آڈیو لیک کے حوالے سے ابھی پتا نہیں چلا ہے، اس حوالے سے تحقیقات کے بعد چیزیں سامنے آجائیں گی، حکومت اداروں میں عدم مداخلت کی پالیسی پر کاربند ہے، کوئی غیر قانونی کام ہوگا اور نہ کرنے دیں گے۔

ڈاکٹر اریبہ کے استعفے کی منظوری سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر اریبہ نے اپنا استعفیٰ مجھے نہیں بلکہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو دیا ہے اور وہی اس پر فیصلہ کریں گے۔

پنجاب میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے اسمارٹ کارڈ کا اجرا

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ صوبے میں گاڑیوں کی رجسٹریشن بک ختم کرکے اسمارٹ کارڈکا اجرا کیا جا رہا ہے، یہ کارڈ اسلام آباد میں چل رہے ہیں، ہم پنجاب میں بھی متعارف کرارہے ہیں، اس سے گاڑیوں کی رجسٹریشن میں جعل سازی کا بالکل خاتمہ ہوجائے گا۔

انہوں نے کہاکہ اس کارڈ کے استعمال کے لیے پورے پنجاب میں ساڑھے سات سو مشینیں لگائی جائے گی، اسلام آباد میں اس کارڈ کی قیمت 1500، کراچی میں 700 روپے ہے جب کہ پنجاب میں ہم 520 روپے میں فراہم کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ صوبائی حکومت کے 100 روز کے حوالے سے مرکزی تقریب 22 دسمبر کو ہوگی۔

مزید خبریں :