چنیوٹ میں بلے کی چوری کی انوکھی واردات، ایف آئی آر میں بلی نامزد

درخواست گزار کے مطابق' اسکیٹو'نامی بلے کی عمر ۸ ماہ اور مالیت 70000 روپے تھی۔ فوٹو بشکریہ بی بی سی

چنیوٹ میں پالتو بلیاں چوری کرنے والا سرگرم گروہ شہری کا خوبصورت بیش قیمت بلا لے اڑا، جس کے خلاف کارروائی کے لیے شہری نے پولیس کو درخواست بھی دیدی ہے۔

امیر عمر چمن نامی شہری نے تھانہ سٹی چنیوٹ پولیس کو تحریری درخواست دی ہے جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ چنیوٹ میں قیمتی پالتو بلیاں چوری کرنے والا گروہ متحرک ہے اور گزشتہ روز ان کا 'اسکیٹو'نامی قیمتی رشین بلے کو بھی گروہ نے چوری کر لیا ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے چوری ہونے والے سفید رنگ کے بلے کی عمر 8 ماہ اور قیمت 70 ہزار بتائی گئی ہے۔

شہری کے مطابق بلا روزانہ کھیلنے باہر گلی میں چلا جاتا تھا، 16 دسمبر کو معمول کے مطابق گھر کے کھلے ہوئے گیٹ سے ایک بلی کو گزرتا دیکھ کر 'اسکیٹو' گلی میں چلا گیا۔

درخواست کنندہ کا بھائی بلے کے پیچھے گلی میں آیا تو اس نے دیکھا کہ دو موٹر سائیکل سوار بلے کو اٹھا کر فرار ہو گئے ہیں۔

شہری نے گلی سے گزرنے والی بلی کو ملزمان کی جانب سے بلے کو ورغلانے کے لیے بھیجنے کا الزام لگایا ہے۔

 بلے کے مالک کی جانب سے ایف آئی آر میں دو ملزمان اور ایک بلی کو نامزد کیا گیا ہے۔

 شہری کی درخواست پر تھانہ سٹی پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپہ مار کارروائی شروع کر دی ہے۔ 

مزید خبریں :