وزن میں کمی: منصوبہ چھوٹا، نتیجہ بڑا

وزن کم کرنے کے لیے بڑے بڑے منصوبوں کی بجائے چھوٹے قابل عمل منصوبے بنائیں۔ فائل: فوٹو

وزن بڑھ رہا ہے، کیا کیا جائے؟ کسی جِم میں بھاری بھرکم فیس ادا کی جائے، کسی ماہر کی خدمات سے استفادہ کیا جائے، ورزش کی مشینیں خریدی جائیں اور ایک دم سے 15 یا 20 کلو وزن کم کر لیا جائے۔

ماہرین کا مشورہ ہے کہ اوپر بیان کی گئی چیزوں میں سے کچھ نہ کیا جائے کیونکہ وزن بڑے بڑے منصوبے بنانے سے کم نہیں ہوتا۔

لوگوں کی اکثریت وزن کم کرنے کی خواہش تو رکھتی ہے لیکن اس پر عمل درآمد نہیں کر پاتی۔

تو پھر کیا کیا جائے؟

بڑے منصوبوں کی بجائے وزن کم کرنے کے لیے چھوٹے اقدامات اٹھائیں، نتیجہ بھی جلد نکلے گا اور وزن بھی کم ہو گا۔ 

ایک دم سے زیادہ کلو کم کرنے کی بجائے 1 یا 2 کلو کو کم کرنے کی کوشش کریں اور بتدریج اسے بڑھاتے جائیں۔

'ٹی وی، کمپیوٹر یا موبائل اسکرین سے نظر ہٹا کر کھائیں'

بڑا منصوبہ:  ٹی وی دیکھتے ہوئے کھانا بھی کھا لیا جائے۔ فائل فوٹو

موبائل یا ٹی وی دیکھتے ہوئے یا اپنا کوئی بھی کام کرتے وقت کھانے سے ہاتھ رک نہیں پاتا اور آپ کھاتے چلے جاتے ہیں۔

ٹی وی، کمپیوٹر یا موبائل اسکرین کے سامنے کھانا کھاتے ہوئے آپ یہ بھول جاتے  ہیں کہ آپ کیا کھا رہے ہیں اور کتنا کھا رہے ہیں۔ اس لیے اپنی بھوک سے کچھ زیادہ ہی کھا لیتے ہیں اور پھر بھی مطمئن نہیں ہو پاتے۔ 

الیسا رمسے نیوٹریشن اور ڈائِٹکس انسٹیوٹ کی ترجمان اور ماہر غذائیت ہیں، ان کے مطابق یہ زیادہ اچھا رہتا ہے اگر آپ اپنی معمولات میں سے 20 یا 30 منٹ نکال لیں۔اگر ایسا ممکن نہ ہو سکے تو کم ازکم اپنی جگہ بیٹھے ہوئے ہی ٹی وی، موبائل یا کمپیوٹر سے نظر ہٹا کر کھانے کو کچھ منٹ دیں۔ اس طرح کھانے سے آپ اپنی بھوک کی حد میں رہتے ہوئے کھائیں گے اور مطمئن بھی رہیں گے۔

'بھوک کے مطابق کھائیں لیکن کھانے کا برتن چھوٹا رکھیں'

بڑا منصوبہ: بڑا برتن ،ایک وقت میں  زیادہ کھانا باقی وقت کے کھانوں کی چھٹی ؛فوٹو کریڈٹ شٹر اسٹاک

کھانے کی میز پر جب بھی بیٹھیں اپنے سامنے چھوٹی پلیٹ یا چھوٹے پیالے میں ہی کھانا نکالیں۔ بلکہ گھر سے باہر بھی کچھ کھانے کے لیے چھوٹے حجم کا کپ یا گلاس اپنے لیے اٹھائیں۔

نیو یارک کی رئیل نیوٹریشن فاؤنڈیشن کی بانی ایمی شپیرو کے مطابق لوگ سمجھتے ہیں کہ جتنا بڑا برتن ہو گا اتنا ہی زیادہ کھانا وہ نکال سکتے ہیں اور اس طرح وہ اگلے کھانے سے بچ جائیں گے۔ 

لیکن ایسا نہیں ہے۔ بڑی پلیٹ یا پیالے میں آپ اپنی بھوک سے زیادہ کھانا نکال لیتے ہیں اور پھر اسے ختم کرنے کی کوشش میں لگ جاتے ہیں۔

یاد رکھیں کہ زیادہ کھانا کھا کر بھی آپ کو دوبارہ اپنے وقت پر بھوک لگ سکتی ہے۔

'ہلکا پھلکا کھائیں لیکن ہلکی پھلکی مقدار میں'

بڑا منصوبہ : ہلکا پھلکا کھانا کم مقدار میں کھانے کا فیصلہ ، فوٹو کریڈٹ ؛شٹر اسٹاک

آپ اگر کھانے کے درمیانی وقفوں میں ہلکا پھلکا کھانے کے شوقین یا عادی ہیں تو پھر براہ راست پیکٹ یا ڈبے میں سے نکالنے کی بجائے کسی چھوٹے باول یا پلیٹ میں کھانا نکال لیں۔

ماہر غذائیت شپیرو کا کہنا ہے کہ ہلکی پھلکی چیزیں کھاتے ہوئے کبھی خود پر بھی بھروسہ نہیں کریں کیوںہ یہ ہلکا پھلکا ہی آپ کو لے ڈوبتا ہے، اگر آپ 'ہلکا پھلکا 'کھانے کے بعد بھی بھوک محسوس کر رہے ہیں تو پھر آپ کوشش کریں کہ سبزیاں یا سلاد کا شمار بھی ہلکے پھلکے کھانے میں کرتے ہوئے ان پر ہاتھ صاف کریں۔

'کھائیں کھانے کی میز پر، لیکن کھانا میز سے دور رکھیں'

بڑا منصوبہ : کھانا سامنے رکھ کر تھوڑا سا کھانا؛ فوٹو کریڈٹ ؛ شٹر اسٹاک

کھانے کی میز یا دسترخوان پر ڈونگے یا ٹرے میں کھانا پیش کرنے کی بجائے کھانا کچن میں یا کچھ فاصلے پر ہی رہنے دیں۔ ایک دفعہ اپنی پلیٹ یا پیالہ مکمل کر لینے کے بعد آپ اسے دوبارہ جب با آسانی نہیں بھر پائیں گے تو لامحالہ آپ کو اپنا ہاتھ روکنا ہی پڑے گا۔ فوراً پلیٹ کو بھر لینے کی سہولت کی وجہ سے آپ شاید زیادہ کھانا کھا لیں۔

ماہر غذائیت رمسے کے مطابق دماغ کو پیٹ بھر جانے کا اشارہ ملنے میں 20 منٹ لگ سکتے ہیں اس لیے جب کھانا ملنے میں سہولت نہیں ہو گی تو آپ کو ہاتھ روکنا پڑے گا۔

'صحت مند ناشتے سے دن کا آغاز کریں'

بڑا منصوبہ: ڈائیٹنگ سے دن کا آغاز : فوٹو کریڈٹ ؛مورسا امیجز

صبح کا آغاز صحت مند ناشتے سے کریں۔ اکثر لوگ وقت کی کمی کے باعث ناشتے میں جو کچھ بھی میسر ہو کھا لیتے ہیں اور کھانے میں بھی بہت جلدی کرتے ہیں جس کی وجہ سے دو نقصانات اٹھانا پڑتے ہیں ایک کھانے میں بے احتیاطی اور دوسرے جلدی کھالینے کی وجہ سے کچھ ہی دیر بعد دوبارہ کھانے کی خواہش سر اٹھانے لگتی ہے۔

غذائی ماہرین کا مشورہ ہے کہ صبح وقت پر اپنی منزل پر پہنچنے والوں کو چاہیے کہ ناشتے کی تیاری رات ہی کو کر لیں جیسے کہ رات کو بھگو دینے والے دلیے اور دوسری چیزوں کو رات ہی کو بھگو لیں۔ 

فریج میں ایک نظر جھانک لیں انڈے اور دودھ وغیرہ میں سے اگر کچھ کم ہے تو ان کی خریداری یا انتظام بھی رات ہی کو کر لیں۔

خریداری میں اگر ناشتے کے لیے کسی پھل کو بھی شامل کر لیں تو پھر کیا ہی کہنے۔

'لفٹ کی بجائے سیڑھیوں کا استعمال کریں'

بڑا منصوبہ : عمارت کی بیسیوں منزل پر بھی سیڑھیوں سے ہی جایا جائے گا؛ فوٹو کریڈٹ ؛ شٹر اسٹاک

آپ کی منزل اگر کسی نیچے کی منزل پر ہے تو لفٹ کی سواری سے گریز کریں۔سیڑھیوں کا استعمال آپ کی ہلکی پھلکی ورزش کا متبادل ہو سکتا ہے، اپنے لیے ایک دن میں کچھ سیڑھیوں کے قدمچوں کی تعداد کا انتخاب کر لیں اور اسے اپنا اصول بھی بنا لیں۔

زیادہ اوپر کی منزلوں کے لیے بھی یہ منصوبہ نا بنائیں کہ آپ بیسویں منزل پر بھی سیڑھیوں ہی سے جائیں گے۔ تیسری یا چوتھی منزل تک سیڑھی کا استعمال کریں اور پھر لفٹ کی لفٹ لے لیں۔

گھر یا کام کی جگہ پر زیادہ تر بیٹھے رہنا اگر آپ کے معمول میں شامل ہے تو بہتر ہے کہ اپنے لیے ادھر ادھر چلنے کے بہانے تلاش کرتے رہیں۔

'جہاں آپ خود ہوں، وہیں ورزش بھی کر لیں'

بڑا منصوبہ : ورزش کے لئے صرف جم جایا جائے گا۔ فوٹو کریڈٹ ؛ شٹر اسٹاک

آپ میں سے کتنے ہی لوگ ہوں گے جو 'جم'جانے کی خواہش رکھتے ہیں اور اسی خواہش کو عملی جامہ پہنانے کے لیے جم کی مناسب یا بھاری بھر کم فیس بھی ادا کر دیتے ہیں۔ ایک اچھا سا ٹریک سوٹ خریدتے ہیں اور جاگرز بھی لیکن ورزش کے لیے پھر بھی نہیں جا پاتے۔

اس کا حل یہ ہے کہ آپ گھر ہی میں کوئی کونا مخصوص کر لیں یا گھر یا کام کرنے کی جگہ کے آس پاس کوئی چھوٹا یا بڑا پارک ڈھونڈ کر مختصر دورانیے کی ورزش کرلیں۔ 

اور اگر یہ بھی نہیں کر سکتے تو پھر اپنی جگہ بیٹھے بیٹھے بھی ورزش کی جاسکتی ہے۔ اپنے ڈاکٹر سے یا ماہر غذائیت کے مشورے سے اپنے لیے ہلکی پھلکی ورزش کا مشورہ لے لیں۔

اب اتنے مشوروں کے بعد بھی یہ مت کہیے گا 'ہم سےیہ بھی نا ہو پائے گا۔ 'اب وزن بڑھ ہی گیا ہے تو کچھ نہ کچھ تو کرنا ہی پڑے گا تو اوپر دیئے گئے مشوروں ہی عمل کر لیں۔

مزید خبریں :