پاکستان
Time 05 جنوری ، 2019

تاخیر کا شکار پی آئی اے پرواز میں گھٹن سے مسافروں کو سانس لینے میں دشواری

کراچی سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 300 ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوئی—.جیو نیوز اسکرین شاٹ

کراچی: تاخیر کا شکار پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی  اے) کی پرواز میں جہاز کے دروازے بند ہونے کے نتیجے میں مسافروں کو  سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، جب صبح 7 بجے کراچی سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 300 ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوئی۔

ڈیڑھ گھنٹے تاخیر کے باوجود طیارہ پروان نہیں بھر سکا اور تمام مسافر جہاز کے اندر ہی انتظار کرتے رہے جبکہ کئی مسافروں کو سانس لینے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

طیارے میں سوار ایک بزرگ مسافر—.جیو نیوز اسکرین شاٹ

انتظامیہ کے مطابق پرواز تکنیکی خرابی کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی۔

دوسری جانب مسافروں نے شکایت کی کہ اُنہوں نے ویڈیو بنانے کی کوشش کی تو عملے نے ان سے موبائل فون چھین لیا۔

ذرائع کے مطابق کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز میں لندن کے پچاس سے زائد مسافر بھی موجود تھے۔ 

واضح رہے کہ اسی نوعیت کا ایک واقعہ گزشتہ برس بھی پیش آیا تھا جب پیرس سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے اے 750 میں اے سی سسٹم بند ہونے کے باعث ایک نومولود بچے سمیت دیگر مسافروں کی حالت خراب ہوگئی تھی جس کا سی ای او نے نوٹس بھی لیا تھا۔

مزید خبریں :