دنیا
Time 05 جنوری ، 2019

پولیس اہلکار کے پوسٹر کو 'رشوت' دینا سری لنکن نوجوانوں کو مہنگا پڑ گیا

دو موٹر سائیکل سواروں نے سڑک پر رک کر ٹریفک پولیس افسر کے پوسٹر کو مذاقاً پیسے دینے کی کوشش کی—۔ ویڈیو اسکرین گریب

کولمبو: سری لنکا میں سڑک کنارے کھڑے ایک ٹریفک پولیس افسر کے کٹ آؤٹ (حقیقی سائز کے پوسٹر) کو ازراہِ مذاق 'رشوت' دینے پر دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا، تاہم بعدازاں دونوں ضمانت پر رہا ہوگئے۔

یہ واقعہ سری لنکا کے شمالی قصبے واونیہ میں پیش آیا، جہاں موٹرسائیکل پر سوار دو نوجوانوں نے سڑک کنارے بائیک روکی، جیب سے والٹ نکال کر اس میں سے پیسے نکالے اور وہاں نصب ڈمی پولیس اہلکار کو دینے کی کوشش کی۔

اور صرف یہی نہیں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی اَپ لوڈ کردی، جو فوراً ہی وائرل ہوگئی۔


برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے سری لنکا کے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ ویڈیو دیکھنے کے بعد سری لنکن پولیس نے دونوں نوجوانوں کو گرفتار کرلیا، جو بعدازاں ضمانت پر رہا ہوگئے۔

ان نوجوانوں پر پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچانے اور پولیس کی ساکھ متاثر کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق نوجوانوں نے پوسٹر کے کچھ حصے کو نقصان پہنچایا، واضح رہے کہ سری لنکا میں مرکزی شاہراہوں پر اس طرح کے کٹ آؤٹ نصب کیے گئے ہیں، جن کا مقصد مقررہ رفتار کی خلاف ورزی کرنے والوں کو روکنا ہے۔

دوسری جانب متعدد افراد نے سوشل میڈیا پر سری لنکن پولیس کے اس 'ایکشن' پر بھی تنقید کی، جن کا دعویٰ تھا کہ ان نوجوانوں نے محض پولیس کے شعبے میں کرپشن کی لعنت کو اجاگر کرنے کی ایک کوشش کی تھی، انہیں گرفتار نہیں کیا جانا چاہیے تھا۔

مزید خبریں :