پاکستان
Time 08 جنوری ، 2019

کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت خراب


کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت خراب ہوگئی۔

کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف علیل ہوگئے ہیں اور انہیں تیز بخار ، سردی اور جسم میں درد کی شکایت ہے۔

طبیعت گزشتہ رات سے ناساز ہے، طبیعت خراب ہونے پر نواز شریف نے جیل انتظامیہ سے اپنے ذاتی معالج سے ملنے کی درخواست کی تاہم انہیں ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف دل کے عارضے میں بھی مبتلا ہیں ۔ ان کی اوپن ہارٹ سرجری بھی ہوچکی ہے ۔ سابق وزیراعظم نے جیل انتظامیہ سے درخواست کررکھی ہے کہ ہفتے میں دو مرتبہ انہیں ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان سے معائنے کی غرض سے ملاقات کی جازت دی جائے تاہم 25 دسمبر کو کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقلی کے بعد سے اب تک انہیں اپنے ڈاکٹر سے صرف ایک مرتبہ ملاقات کی اجازت دی گئی ہے۔

مریم نواز کی نواز شریف سے ملاقات

علاوہ ازیں جیل حکام نے بتایا ہے کہ مریم نواز نے کوٹ لکھپت جیل میں اپنے والد نوازشریف سے ملاقات کی ہے۔

جیل حکام کے مطابق مریم نواز نے ملاقات اعلیٰ حکام کی خصوصی اجازت سے کی اور  یہ کی ملاقات 40 منٹ تک جاری رہی۔

جیل حکام کے مطابق نوازشریف اور مریم نواز نے نجی معاملات پر گفتگو کی۔

یاد رہے کہ احتساب عدالت نے 24 دسمبر کو العزیزیہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو سات سال قید و جرمانے کی سزا سنائی تھی اور انہیں فلیگ شپ ریفرنس میں بری کیا تھا۔

سزا سنائے جانے کے بعد نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا۔

سابق وزیراعظم نے اپنی سزا کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل بھی دائر کی ہے جس کی سماعت کل ہوگی۔

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف سماعت کی درخواست کی سماعت کرے گا۔

سابق وزیراعظم کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک متفرق درخواست دائر کی گئی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل جلد سماعت کیلئے مقرر کی جائے۔

مزید خبریں :