کھیل
Time 09 جنوری ، 2019

سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے آسٹریلوی اسکواڈ کا اعلان، کئی بڑے نام باہر

ایرون فنچ، مچل مارش اور شان مارش ڈراپ، نوجوان بلے باز ول پوکوسکی پہلی مرتبہ اسکواڈ میں شامل ہونے میں کامیاب۔ فوٹو: فائل

میلبرن: بھارت کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں تاریخی شکست کے بعد آسٹریلین سلیکٹرز نے ٹیم میں اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے 13 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ 

آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 24 جنوری سے ہوگا جس کے لیے کینگروز ٹیم میں کئی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اوپننگ بلے باز اور ون ڈے ٹیم کے کپتان ایرون فنچ کو ڈراپ کردیا جب کہ مچل مارش اور شان مارش بھی ٹیم میں جگہ نہ بناسکے۔ 

نوجوان بلے باز ول پوکوسکی پہلی مرتبہ آسٹریلوی اسکواڈ میں شامل ہونے میں کامیاب ہوگئے، میٹ رنشا اور جو برنس کی آسٹریلوی ٹیم میں دوبارہ واپسی ہوئی ہے۔

ٹم پین بدستور آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے اور جوش ہیزلی وڈ نائب کپتان ہوں گے۔ 

سری لنکا کے خلاف 13 رکنی آسٹریلوی اسکواڈ کپتان ٹم پین، عثمان خواجہ، جوش ہیزلی وڈ، جوئے برنس، پیٹ کمنس، مارکس ہیرس، ٹریوس ہیڈ، مارنس لبسچگنی، نیتھن لیون، ول پوکوسکی، میٹ رنشا، مچل اسٹارک اور پیٹر سڈل پر مشتمل ہے۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ ڈے نائٹ ہوگا جو 24 جنوری سے کھیلا جائے گا جب کہ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ یکم فروری سے شروع ہوگا۔ 

مزید خبریں :