دنیا
Time 09 جنوری ، 2019

آسٹریلوی وزیراعظم کے 'فوٹوشاپ جوتے' کے چرچے

کرسمس کارڈ کے لیے لی گئی اصل تصویر، جس میں وزیراعظم اسکاٹ موریسن کو آرام دہ انداز میں اپنی اہلیہ اور دو بچیوں کے ساتھ بیٹھے ہوئے دکھایا گیا—۔فوٹو/ بشکریہ ٹوئٹر

آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے حال ہی میں سرکاری ویب سائٹ کے لیے اپنے اہلخانہ کے ساتھ ایک گروپ فوٹو کھنچوائی، لیکن ان کے محکمے نے نہ جانے کیوں اس تصویر میں ان کا ایک جوتا فوٹو شاپ کردیا اور وہ بھی اس بھونڈے انداز میں کہ سوشل میڈیا پر اسے خوب مذاق کا نشانہ بنایا گیا، جس پر وزیراعظم کو وضاحت پیش کرنی پڑگئی۔

حکومتی ویب سائٹ کے لیے لی گئی تصویر میں وزیراعظم اسکاٹ موریسن کو آرام دہ انداز میں اپنی اہلیہ اور دو بچیوں کے ساتھ بیٹھے ہوئے دکھایا گیا، لیکن سوشل میڈیا صارفین کی نظروں سے دائیں پاؤں میں فوٹو شاپ کرکے فٹ کیا گیا سفید جوتا نہ بچ پایا، جو دراصل بائیں پاؤں کا جوتا تھا۔

فوٹوشاپ کی گئی تصویر—۔فوٹو/ بشکریہ ٹوئٹر

بس پھر کیا تھا، لوگوں کی جانب سے تنقید اور تبصروں کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔

ایک صارف نے لکھا، 'ہمارے وزیراعظم نے سرکاری ویب سائٹ کے لیے سفید جوتے اپنے پاؤں میں فوٹوشاپ کیے، ہمارے ٹیکس ڈالرز سخت کام کر رہے ہیں۔'


بعدازاں وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے اپنے جوتوں کی اصل تصویر ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی اور ساتھ میں ہلکے پھلکے انداز میں لکھا، 'اپنے محکمے کے نام میرا پیغام: میں نے جوتوں کی چمک بڑھانے کے لیے نہیں کہا تھا، لیکن اگر آپ کو فوٹوشاپ کرنا ہی ہے تو براہ مہربانی میرے پاؤں کے بالوں کو کم کرنے پر توجہ مرکوز کریں، پاؤں پر نہیں۔'

ساتھ ہی انہوں نے اپنے جوتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا، 'جب بھی میں سوٹ کے علاوہ کچھ پہنتا ہوں تو یہ میرا انتخاب ہوتے ہیں۔'


بعدازاں آج صبح ویب سائٹ سے مذکورہ تصویر کو ہٹا کر اس کی جگہ اصل تصویر لگادی گئی۔

وزیراعظم آفس نے فوٹوشاپ شدہ تصویر لگائے جانے کو 'غلطی' قرار دیتے ہوئے وضاحت کی کہ یہ فیصلہ گرافک ڈیزائن ٹیم کے ایک رکن نے کیا تھا، جو وزیراعظم کے کرسمس کارڈ کے ڈیزائن کے ایک آپشن کے طور پر کیا گیا۔

تاہم ترجمان نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ مذکورہ گرافک ڈیزائنر نے یہ فیصلہ کیوں کیا۔

اس سارے معاملے پر سوشل میڈیا صارفین نے کیا تبصرے کیے، آئیے دیکھتے ہیں۔

ایک صاحب نے سوال کیا، 'کیا کسی کے پاس اس بات کی منطقی وضاحت ہے کہ وزیراعظم نے اپنے جوتوں کو فوٹوشاپ کیوں کیا؟'





ایک اور صارف نے لکھا، 'میرے ٹیکس میں دیئے گئے ڈالرز اس تصویر کو فوٹوشاپ کرنے میں لگ گئے، وہ بھی صرف اس وجہ سے کہ وزیراعظم اپنے بہترین جوتے گھاس پر نہیں پہننا چاہتے تھے۔'















کسی نے پوچھا، 'میں واقعی میں یہ سمجھنے کی کوشش کر رہا ہوں کہ اس تصویر کو فوٹوشاپ کرنا کیوں ضروری سمجھا گیا؟'



مزید خبریں :