'سیلف ری گرام' کی مدد سے بیک وقت کئی انسٹاگرام اکاؤنٹس پر پوسٹ کرنا ممکن

انسٹاگرام میں ’سیلف ری گرام‘ فیچر جلد آئی او ایس سسٹم کے لیے متعارف ہونے والا ہے—۔فوٹو/ بشکریہ دی ورج

انسٹاگرام کے وہ صارفین جو ایک سے زائد اکاؤنٹ استعمال کر رہے ہیں، ان کے لیے خوشخبری ہے کہ وہ اب ’سیلف ری گرام‘ فیچر کی مدد سے بیک وقت ایک ساتھ دیگر اکاؤنٹس پر بھی اپنی پوسٹ شیئر کر سکتے ہیں۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ ٹیک کرنچ کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انسٹاگرام میں ’سیلف ری گرام‘ فیچر جلد آئی او ایس سسٹم کے لیے متعارف ہونے والا ہے۔

انسٹاگرام کا آئی او ایس صارفین کے لیے متعارف ہونے والا ری گرام فیچر—.فوٹو/ بشکریہ ٹیک کرنچ

رپورٹ کے مطابق صارف جب انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرنے جارہا ہوگا تو اُس وقت آپشنز میں ’سیلف ری گرام‘ فیچر بھی مہیا ہوگا، یعنی جہاں ’ٹیگ پیپل‘ اور ’مارک یور لوکیشن‘ کا فیچر ہوگا وہیں پوسٹ ری گرام کرنے کے لیے ’پوسٹ ٹو ادر اکاؤنٹ‘ (post to other accounts) کا آپشن ہوگا۔

کمپنی کے ترجمان کے مطابق یہ فیچر اُن صارفین کے لیے زیادہ فائدے مند ثابت ہوگا جو انسٹاگرام پر کاروبار کر رہے ہیں کیونکہ اس سے وقت ضائع ہونے سے بچے گا اور بیک وقت ایک سے زائد اکاؤنٹس پر آسانی سے پوسٹس شیئر کی جاسکیں گی۔

 اس فیچر کو صرف آئی او ایس سسٹم یعنی آئی فون صارفین کے لیے متعارف کیا جائے گا جبکہ اینڈرائیڈز کے لیے اب تک کسی قسم کی یقین دہانی نہیں کروائی گئی۔

مزید خبریں :