پاکستان
Time 11 جنوری ، 2019

اطالوی فنکار کا پاکستان کی تاریخ و ثقافت بیان کرنے کا دلچسپ انداز

اطالوی فنکار اینڈریا اینجیولوچی اور ان کا بنایا ہوا ایک فن پارہ—. فوٹو / بشکریہ انسٹاگرام

متعدد بین الاقوامی فنکار پاکستان کے لیے منفی تاثر رکھتے ہیں اور یہی سوچتے ہیں کہ یہاں دہشت گردی کا ڈیرہ ہے، لیکن کچھ غیرملکی فنکار ایسے بھی ہیں جو پاکستان کی تاریخ و ثقافت سے نہ صرف خود متاثر ہیں بلکہ دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت پہلو دکھانے کے حوالے سے کوشاں بھی ہیں۔

اٹلی کے شہر روم سے تعلق رکھنے والے اینڈریا اینجیولوچی بھی ایک ایسے ہی فنکار ہیں، جو اِن دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں اور یہاں کے تاریخی مقامات کی سیر کر رہے ہیں۔

لیکن  اینڈریا اینجیولوچی کا پاکستان کی سیر کرنے کا ایک انوکھا انداز ہے، وہ کسی بھی تاریخی جگہ کا دورہ کرنے سے قبل اپنی ایک مخصوص ڈائری میں اس مقام کا خاکہ (اسکیچ) بناتے ہیں اور اس میں نہایت فنکاری سے رنگ بھرتے ہیں۔


اسکیچنگ کے ساتھ ساتھ انہیں فوٹوگرافی کا بھی بہت شوق ہے اور وہ جس بھی تاریخی مقام کی سیر کرتے ہیں، اس جگہ کا منظر اور  ڈائری میں بنائے گئے فن پاروں کو ایک ساتھ کیمرے کی آنکھ سے قید کرلیتے ہیں۔


وہ اپنی تمام تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہیں، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح انہوں نے پاکستان کی تاریخ و ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے ملک کا مثبت پہلو دکھایا ہے۔

اینڈریا اب تک بادشاہی مسجد، ہرن مینار، مسجد وزیر خان اور ٹیکسلا کی سیر کر چکے ہیں۔


 اینڈریا اینجیولوچی یہاں کے روایتی ملبوسات سے بھی بے حد متاثر ہیں اور رنگا رنگ کرتے بھی زیب تن کرتے ہیں۔



مزید خبریں :