پاکستان
Time 11 جنوری ، 2019

چور ڈاکو کہنے والوں کی باجی چور نکلیں: مریم اورنگزیب

علیمہ باجی کے ذرائع چندے، تعلیم کے پیسے اور جعلی پی ٹی آئی اکاؤنٹس ہیں: لیگی ترجمان_ فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چور چور ڈاکو ڈاکو کہنے والوں کی باجی چور نکلیں اب عمران خان علیمہ باجی کی چوری پر جے آئی ٹی کب بنائیں گے؟

اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت ’چوروں کی بارات‘ ہے اور دولہا وزیراعظم عمران خان ہیں جب کہ چور چور ڈاکو ڈاکو کہنے والوں کی باجی چور نکلیں، علیمہ باجی وزیراعظم عمران خان کی بے نامی دار ہیں، کیا تھے وہ ذرائع جن سے اربوں کی غیر قانونی جائیداد خریدی گئیں؟ اب عوام کو جواب دیں۔

انہوں نے کہا کہ علیمہ باجی کے ذرائع چندے، تعلیم کے پیسے اور جعلی پی ٹی آئی اکاؤنٹس ہیں، علیمہ باجی نے شوکت خانم، نمل یونیورسٹی اور پارٹی فنڈ سے بیرونِ ملک جائیداد خریدی۔

(ن) لیگ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری آئیں بائیں شائیں نہ کریں، علیمہ باجی کی چوری کا جواب دیں، عمران صاحب علیمہ باجی کی چوری پر جے آئی ٹی کب بنائیں گے؟ عمران صاحب علیمہ باجی کو این آر او کیوں دیا؟

انہوں نے مزید کہا کہ جہاں چندے اور پارٹی فنڈ اکٹھے ہوتے ہیں وہیں علیمہ باجی کی غیرقانونی جائیداد نکلی، فواد چوہدری عوام کو بتائیں کہ مریم نواز پاکستان کی کتنی دفعہ وزیراعظم رہی ہیں؟ وزیراعظم نواز شریف نے اپنی تین نسلوں اور تین دہائیوں کا جواب دیا ہے، اب علیمہ باجی کو بھی اپنی چوری کا حساب دینا ہوگا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت، جعلی مینڈیٹ اور جعلی اکاؤنٹس سمیت علیمہ باجی کی چوری پر جعلی وزیراعظم کب خطاب کریں گے۔

مزید خبریں :