کھیل
Time 11 جنوری ، 2019

محمد عامر کی فاسٹ بولرز کیخلاف سرفراز کے بیان پر تبصرہ کرنے سے معذرت

کرکٹ ٹیم گیم ہے، ہمارا کام اپنے بیٹسمینوں کو سپورٹ کرنا ہے، فاسٹ بولر کی جوہانسبرگ میں پریس کانفرنس— فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے کپتان سرفراز احمد کے بولرز کے حوالے سے بیان پر تبصرہ کرنے سے معذرت کرلی۔

فاسٹ بولر کہتے ہیں کہ کرکٹ ٹیم گیم ہے، ہمارا کام اپنے بیٹسمینوں کو سپورٹ کرنا ہے، جوہانسبرگ ٹیسٹ کے دوسرے روز کے پہلے سیشن میں وکٹ نہ گری تو ہمیں فائدہ ہوگا۔

جوہانسبرگ کے وانڈررز کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا تھا کہ بیٹسمین محنت کررہے ہیں ہمیں امید ہے اس کا صلہ انہیں ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ ٹیم گیم ہے ہمارا کام اپنے بیٹسمینوں کو سپورٹ کرنا ہے۔ محمد عامر نے کہا کہ پہلے دو سیشنز میں اچھی بولنگ نہیں کرسکے تاہم آخری سیشن میں مجھے اور عباس کو رن ریٹ روک کر وکٹ ٹو وکٹ گیند کرنے کا پلان دیا گیا تھا جس میں کامیاب ہوئے۔

اس موقع پر فاسٹ بولر محمد عامر نے کپتان سرفراز احمد کے فاسٹ بولرز کو ٹیسٹ سیریز میں شکست کا ذمہ دار ٹھہرانے کے بیان پر ردعمل دینے سے معذرت کرتے ہوئے میڈیا سے ایسے سوال نہ کرنے کی درخواست کی۔

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں ہمارے بولر توقعات پوری نہیں کرسکے کیوں کہ ہمارے بولر 120کلومیٹر اور میزبان ٹیم کے بولر 140 سے 145کلو میٹر کی رفتار سے بولنگ کرتے رہے۔

مزید خبریں :