کھیل
Time 11 جنوری ، 2019

خواتین کیخلاف نازیبا کلمات پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے دو کھلاڑی معطل

دونوں کھلاڑیوں نے بالی وڈ کے ہدایت کار کرن جوہر کے شو ’کافی ود کرن‘ میں خواتین سے متعلق نازیبا کلمات کہے تھے — فوٹو: اسکرین گریب 

خواتین کے خلاف نازیبا کلمات پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے ہردیک پانڈیا اور لوکیش راہول کو آسٹریلیا سے واپس بلالیا جس کے بعد وہ ایک روزہ میچز کی سیریز میں دستیاب نہیں ہوں گے۔

بھارتی ٹی وی شو ’کافی ود کرن‘ میں سوالات کے جوابات دیتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ہردیک پانڈیا اور لوکیش راہول نے خواتین کے خلاف نازیبا کلمات ادا کیے۔

دونوں کے متنازع انٹرویو پر سوشل میڈیا اور بھارتی تنظیموں کی جانب سے سخت تنقید کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کو ہوش آیا تو کھلاڑیوں کو معطل کیا گیا۔ 

پانڈیا اور راہول نے سب سے معافی بھی مانگی لیکن وہ کام نہ آسکی اور ان کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی ہے۔

دونوں کھلاڑیوں کو اب دورہ آسٹریلیا سے واپس بلا لیا گیا ہے جس کے بعد ویرات کوہلی الیون کو پانڈیا اور راہول کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کو 2 ون ڈے میچز کیلئے معطل کیا گیا ہے اور شوکاز جاری کرکے انکوائری بھی شروع کردی گئی ہے۔

بھارتی کرکٹرز کے متنازع بیانات پر کپتان ویرات کوہلی نے بھی تنقید کی ہے۔ ویرات کوہلی نے کہا کہ پانڈیا اور راہول نے خواتین سے متعلق نامناسب باتیں کہیں،بھارتی کرکٹ ٹیم اس طرح کی باتوں کی حمایت نہیں کرتی۔

ویرات کوہلی نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو بھی بتادیا کہ ٹیم ایسی بات کوسپورٹ نہیں کرسکتی۔

ہردیک پانڈیا کی خاتون مداح کا کہنا تھا کہ وہ ایک ابھرتے ہوئے کھلاڑی ہیں انہیں اس شو میں ایک اچھا پیغام دینا چاہیے تھا مگر انہوں نے لڑکیوں کے بارے میں ایسے ریمارکس دئیے جسے سن کر افسوس ہوا۔

آل راؤنڈر ہردیک پانڈیا نے لڑکیوں کو اپنے جال میں پھنسانے کے حوالے سے کرن جوہر کو اپنے کمالات بتائے تھے۔

واضح رہے کہ بالی وڈ کے ہدایت کار کرن جوہر کا شو ’کافی ود کرن‘ ایک متنازع ترین شو ہے جس میں شوبز و معروف شخصیات سے ان کی ذاتی اور پیشہ وارانہ زندگی سے متعلق چبھتے ہوئے سوالات کیے جاتے ہیں۔

اسی شو سے کئی بار بالی وڈ میں بھی بھونچال آیا ہے جس میں بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کا کرن جوہر پر اقربا پروری کا الزام عائد کیے جانے کے بعد ایک نہ ختم ہونے والی بحث بھی شامل ہے۔

مزید خبریں :