دنیا
Time 11 جنوری ، 2019

جرمنی سمیت کئی یورپی ممالک میں برفباری کے باعث نظام زندگی مفلوج

ریسکیو ورکر سڑک سے برف ہٹانے کے کام میں مصروف ہے جب کہ گھروں نے سفید چادر اوڑھ رکھی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

یورپی ممالک میں شدید برفباری کے باعث نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے اور مختلف حادثات میں 17 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

جرمنی کے جنوبی علاقوں میں برف باری کے بعد سڑکوں پر برف کی موٹی تہہ لگ گئی ہے جس نے گاڑیوں، سڑکوں اور مکانات سب کو سفید چادر میں چھپا دیا ہے۔

شدید برفباری کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت روک دی گئی اور اسکولوں کو تالے لگا دیئے گئے ہیں۔

خون جما دینے والی سردی کے باعث 100 سے زائد پروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔

آسٹریا میں بھی برفباری کے بعد پھسلن کے سبب سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند کرنا پڑا۔

آسٹریا میں پھسلن کے سبب فوجی سڑکوں پر تعینات ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

جرمنی اور آسٹریا میں برف میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو کرنے کے لیے فوج کو سڑکوں پر تعینات کر دیا گیا ہے جب کہ جرمنی کے کئی اضلاع میں ہنگامی حالت بھی نافذ کر دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ پولینڈ، ناروے، چیک ری پبلک اور سلوواکیہ میں بھی شدید برف باری ریکارڈ کی گئی۔

یونان کے بعض حصوں میں درجہ حرارت منفی 23 ڈگری تک گر گیا۔

برفباری کے باعث مختلف حادثات میں سترہ افراد ہلاک ہوئے جن میں سے 12 کا جرمنی اور آسٹریا سے ہے جب کہ 5 افراد کا تعلق دیگر یورپی ممالک سے ہے۔

مزید خبریں :