پاکستان
Time 15 جنوری ، 2019

بینظیرقتل کیس: مشرف کے 2 منجمد اکاؤنٹس سے رقم نکلوانے کے انکشاف پرعدالت برہم

سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف بینظیر بھٹو قتل کیس میں اشتہاری ملزم ہیں—۔فائل فوٹو

راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت میں بینظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت کے دوران اشتہاری ملزم پرویز مشرف کے 2 منجمد بینک اکاؤنٹس سے رقم نکلوانے کے انکشاف پر عدالت کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا گیا۔

واضح رہے کہ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 31 اگست 2017 کو بینظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیداد کی قرقی کا حکم دیا تھا۔

انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج اصغر خان نے آج بینظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران ایف آئی اے کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ سابق صدر اور کیس کے اشتہاری ملزم پرویز مشرف کے 2 منجمد بینک اکاؤنٹس سے رقم نکلوائی گئی ہے۔

جس پر عدالت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ '2 بینکوں کے منجمد اکاؤنٹس میں سے رقم کس نے اور کیسے نکلوائی؟'

عدالت نے ایس ایچ او تھانہ ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 فروری تک رپورٹ طلب کرلی۔

ساتھ ہی انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزم کی دیگر مکمل پراپرٹی اور اکاؤنٹس کی فہرست بھی طلب کرلی۔

مزید خبریں :